زمین پر قبضے کیخلاف روڈ بلاک کرکے احتجاج ،15افراد کیخلاف مقدمہ درج

تاندلیانوالہ (نامہ نگار)دو سوتیلے بھائیوں کے درمیان ایک ایکڑ زمین کا تنازعہ۔ روڈ بلاک کرنے پر خواتین سمیت پندرہ افراد کے خلاف تھانہ گڑھ میں مقدمہ۔ تھانہ گڑھ کے علاقہ مشتاق چوک میں ایک ایکڑ زمین کے تنازعہ پر 623 گ ب کے رہائشی صابر وغیرہ نے مشتاق چوک پر ٹائر جلا کر ساہیوال فیصل آباد روڈ آمدو رفت کیلئے بند کردی۔سڑک بلاک کرنے والے والوں میں خواتین بھی شامل تھیں۔احتجاجی مظاہرین کا الزام تھا کہ صابر کی ایک ایکڑ ملکیتی زمین پر بہاول شیر پروکہ نے قبضہ کر لیا ہے اور پولیس کو اطلاع دینے کے باوجود پولیس نے کوئی کاروائی نہیں کی۔سڑک بلاک کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ گڑھ موقع پر پہنچی اور مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کے بعد روڈ کھلوا دی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پندرہ مرد و خواتین کے خلاف روڈ بلاک کرنے اور لوگوں کی آمد و رفت میں خلل ڈالنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ احتجاج دو سوتیلے بھائیوں میاں خاں اور صابر پروکہ کے درمیان ایک ایکڑ اراضی کے تنازع پر کیا گیا۔پولیس تھانہ گڑھ کے مطابق متنازع زمین پر نہ تو کسی نے قبضہ کیا ہے اور نا قبضہ کروایا اور نہ ہی کوئی زبردستی کی گئی ہے۔ وہاں گندم کی فصل بھی ویسے ہی کھڑی ہے اور رہائشی مکان بھی اپنی اصلی حالت میں وہیں پر موجود ہے۔ایس ایچ او عثمان خان لاشاری نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے قانونی راستہ اختیار کرنا چاہیے، سڑکیں بلاک کرنا اور قانون کو ہاتھ میں لینا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں