زیرتربیت سرکاری افسران کے22رکنی وفد کا ایف ڈی اے کا مطالعاتی دورہ

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) پشاور میں سینئر مڈ کیئریئر تربیتی کورس کے شرکا مختلف سروسز سے تعلق رکھنے والے افسران کے 22رکنی گروپ نے ایف ڈی اے کمپلیکس کا مطالعاتی دورہ کیا اور بریفنگ سیشن میں شرکت کی۔ گروپ کی قیادت فیکلٹی ممبرز شبیداللہ نذیر اور ڈاکٹر ریاض کررہے تھے ۔ڈائریکٹر جنرل ا یف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے افسران کا خیر مقدم کیا اور انہیں ایف ڈی اے کے تنظیمی ڈھانچے ، دائرہ اختیار، لیگل فریم ورک، رولز، پالیسی، شہری ترقی کے حوالے سے کارکردگی، نئے رجحانات کے تحت جدید اقدامات اور بعض مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ، پی ایس او شبیر ساجد و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈائریکٹر نے بتایا کہ ایف ڈی اے کی سروسز کے معیار میں اضافہ کرنے کیلئے جدید ترین اقدامات کئے گئے ہیں جن کے تحت ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کرکے جائیدادوں کے مالکان کو سمارٹ کارڈز کا اجرا کیا جارہا ہیکہ جبکہ اس سسٹم کے تحت ای چالان اور اونر شپ سرٹیفکیٹس ودیگر این اوسی جاری کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں اور ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے کمرشل روڈ کا سروے کرکے ایف ڈی اے کی آمدن میں اضافہ ممکن بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو ایف ڈی اے کی سروسز کے بارے میں آگاہی کیلئے ہیلپ لائن 1237فراہم کی گئی ہے۔ اربن ڈویلپمنٹ کے حوالے سے مختلف منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈ ی اے نے بتایاکہ حال ہی میں ایک ارب 36 کروڑ روپے کی لاگت سے عبداللہ پور جھمرہ روڈ فلائی اوور اور 75 کروڑ روپے کی لاگت سے ایف ڈی اے سٹی میں سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس کمپلیکس کا منصوبہ قائم کیا گیا ہے جبکہ 84 کنال اراضی پر سنٹرل پارک کی تعمیر و آرائش اور 23 کروڑ روپے کی لاگت سے ڈویژنل پبلک سکول کے کیمپس کی جدید بلڈنگ کی تعمیر جاری ہے۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت پنجاب کے خصوصی اقدامات کے تحت فیصل آباد بس ریپڈٹرانزٹ (بی آر ٹی )کے منصوبے کی ابتدائی پلاننگ کے لئے سروے مکمل کر لیا گیا ہے جوکہ ایشین ڈویلپمنٹ بنک اورحکومت پنجاب کے اشتراک سے پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہری ترقی کی بنیاد مستحکم بنانے کیلئے نشاط آباد پل سے گٹ والا تک دو رویہ شیخوپورہ روڈ کی کشادگی و بحالی جھال پور فلائی اوور کو ستیانہ روڈ پر سلیمی چوک تک توسیع دینے ، ستیانہ روڈ، جڑانوالہ روڈ سے شیخوپورہ روڈ تک منی بائی پاس کی تعمیرو بحالی کے منصوبے تجویز کئے گئے ہیں ۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے فیصل آباد ماسٹر پلان کے نمایاں پہلوئوں کے بارے میں بھی بتایا اور کہا کہ شہری خوبصورتی کے منصوبوں میں ضلعی انتظامیہ ودیگر اداروں کے ساتھ اشتراک عمل جاری ہے اس سلسلے میں نشاط آباد پل اور جھال پل کے بعض زیریں حصوں کی تزئین وآرائش کرکے وہاں اوپن جم، سنوکر کلب اور دیگر تفریحی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ سترہ رہائشی کالونیوں اور سولہ کمرشل مارکیٹس ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول ہیں جبکہ 111کچی آبادیوں اور مختلف علاقوں میں فلیٹس کا انتظام و انصرام بھی اسی ادارہ کے ذمہ ہے۔ ڈی جی نے بتایا کہ غیرقانونی اور نادھندہ ہائوسنگ سکیموں کیخلاف جارحانہ آپریشن شروع کیا گیا ہے جس کے تحت اس سال میں اب تک 123غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کے تعمیراتی ڈھانچوں کو مسمار اور نو افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔ افسران کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ڈی جی ایف ڈی اے نے بتایا کہ شہرمیں پینے کے پانی کے میگا پراجیکٹ مکمل کرنے کے علاوہ سینیٹیشن کے حوالے سے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے اور ٹائون پلاننگ کو منظم اور جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اقدامات کے علاوہ ماحولیاتی تحفظ کے منصوبوں میں معاونت جاری ہے۔ فیکلٹی ممبرز اورافسران نے عمدہ میزبانی کرنے اور اربن ڈویلپمنٹ کے حوالے سے مفید بریفنگ پر ڈی جی ایف ڈی اے کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے اور فیکلٹی ممبرز میں یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں