فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)زیمبیا چیمبر کے صدر جبوکا جیرومی کاوشا نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا دورہ کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کار افریقی فری ٹریڈ زون کے ذریعے زمبیا میں صنعتیں لگا کے 26ممبر ملکوں سے بآسانی تجارت کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ معدنیات سے مالا مال اس ملک میں ہر قسم کی صنعتیں لگانے کے وسیع مواقع موجود ہیں اور پاکستانی تاجروںاور سرمایہ کاروں کو اِن سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستانی تاجروں کو زمبیا چیمبر کے ذریعے تجارتی رابطوں کو بڑھانا چاہیے تاکہ اُن کا قابل اعتماد اور قابل بھروسہ تاجروں سے رابطہ کرایا جا سکے۔انجینئر عاصم منیر کے ایک سوال کے جواب میں زمبیا چیمبر کے صدر نے کہا کہ فی الحال افریقی ملکوں کے درمیان ایک ویزا پر سفر ممکن نہیں تاہم اس تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔زمبیا کے وفد کی خاتون رکن محترمہ پربیش جیسی کیکا نے بتایاکہ اُن کا چینی اور الکوحل تیار کرنے کا بہت بڑا کارخانہ ہے جس میں توسیع کیلئے وہ پاکستان سے نئی مشینری خریدنا چاہتی ہیں ۔ زمبیا میں مقیم پاکستانی نژاد میکی دین بٹ نے کہا کہ اُن کا خاندان کئی دہائیوں سے اس ملک میں مقیم ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ مزید پاکستانی زمبیا کے تاجروں سے رابطے بڑھائیں۔
38