31

زینت ٹیکسٹائل ملز کا بوائلر پھٹنے سے چھت گر گئی ، 12محنت کش شدید زخمی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سرگودھا روڈ پر واقع زینت ٹیکسٹائل مل کا بوائلر زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا، بوائلر روم کے کمرہ کی چھت اُڑ گئی، سٹیم اور ملبے تلے دب کر دو بھائیوں’ باپ بیٹے سمیت درجن بھر محنت کش بری طرح جھلس گئے، دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اسکی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکہ کی آواز سنتے ہی فیکٹری میں بھگدڑ مچ گئی، ریسکیو1122 کی ٹیموں نے بروقت موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ملبے تلے سے نکال کر تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ شب سرگودھا روڈ پر واقع زینت ٹیکسٹائل کا سٹیم بوائلر میں پریشر زیادہ ہونے کی وجہ سے زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا اور بوائلر روم کی چھت اُڑ گئی۔ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ جس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا اور دھماکہ کی آواز سنتے ہی ملز میں بھگدڑ مچ گئی اس وقت فیکٹری میں مقامی اور دوسرے شہروں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں محنت کش کام میں مصروف تھے۔ ٹیکسٹائل مل میں آگ لگنے اور بوائلر پھٹنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے ملبے تلے دبے ہوئے محنت کشوں کو باہر نکالا جو کہ گرم پانی کی وجہ سے بری طرح جھلس چکے تھے جن میں سمندری روڈ کا 26سالہ زنیر ولد رشید’ اس کا بھائی 20سالہ عمیر ولد رشید’ 29سالہ ظہور ولد مختار سکنہ بہاولپور’ 38سالہ اعظم ولد نور حسین سکنہ بہاولنگر’ 33سالہ عبدالوحید ولد محمد حنیف سکنہ پاکپتن’ 40سالہ فیاض احمد ولد غلام محمد سکنہ بہاولنگر’ 18سالہ ابوبکر ولد امجد اقبال سکنہ باوا چک’ 18سالہ وسیم ولد یٰسین سکنہ عارف والا’ 12سالہ سلیمان ولد فیاض سکنہ بہاولنگر’ 28سالہ مستنصر ولد حفیظ سکنہ عارف والا’ 26سالہ شعیب ولد عطاء اﷲ’ 29سالہ سہیل ولد صفدر سکنہ 47چک اور دیگر شامل تھے۔ ریسکیو ٹیموں نے بری طرح جھلس جانے والے افراد کو تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال برن سنٹر منتقل کر دیا۔ جہاں پر تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ معلوم ہوا کہ سٹیم بوائلر میں سٹیم پریشر زیادہ ہونے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں