سائنسدان زرعی شعبے کی بہتری کیلئے ٹھوس اقدامات سامنے لائیں،گورنر پنجاب سلیم حیدر خان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خاں نے زرعی سائنسدانوں پر زور دیا ہے کہ وہ زرعی شعبے کی بہتری، فی ایکڑ پیداوار میں اضافے اور ملک سے غربت کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات سامنے لائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی سے پنجا ب ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔ سردار سلیم حیدر خاں نے کہا کہ حکومت زرعی شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے کیونکہ زراعت ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت میں خود کفالت حاصل کرنے کے لیے سائنسی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔ گورنر پنجاب نے تمام زرعی جامعات پر بھی زور دیا کہ بارانی علاقوں میں زراعت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور بہتر فصلوں کے حصول کے لیے بھی اپنی کوششیں تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے زرعی ترقی میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اور امید ظاہر کی کہ آئندہ برسوں میں بھی وہ اپنا کردار جاری رکھے گی۔ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے گرمی برداشت کرنے والی گندم، ڈورم گندم، سویابین، براسیکا، بھنڈی، مکئی، انڈسٹریل ہیمپ، چنا، کینوا، جوار، آم، کینو، کپاس اور دیگر فصلوں کی اقسام متعارف کرائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے صوبے کی ایگرو زوننگ کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی نے حال ہی میں کسانوں کی رہنمائی کے لیے کسان 360 ایپ بھی متعارف کرائی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی نے بیجوں کی پیداوار کو زیادہ سے زیادہ کرنے اور انہیں تعلیمی و صنعتی روابط کے تحت مارکیٹ کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں اور ایک سیڈ پروسیسنگ پلانٹ بھی قائم کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں