سابق صدر تعلیمی بورڈ کا دفتر میں کمپیوٹر آپریٹر پر حملہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سابق صدر ایمپلائز ایسوسی ایشن تعلیمی بورڈ میاں عرفان شوکت کا کمپیوٹر آپریٹر محمد طاہر پر حملہ’ موقع پر موجود عملہ نے بڑی مشکل سے جان بخشی کروائی، اس دفعہ الیکشن میں شکست کھانے پر سپورٹ نہ کرنے والے آفیسروں اور اہلکاروں کے ساتھ مبینہ طور پر لڑائی جھگڑوں کو معمول بنا لیا۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد تعلیمی بورڈ کے کمپیوٹر آپریٹر محمد طاہر نے چیئرپرسن تعلیمی بورڈ کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ وہ کمپیوٹر برانچ میں اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا کہ اسسٹنٹ عرفان شوکت اس کے پاس آیا اور بلاوجہ تلخ کلامی شروع کر دی۔ برانچ کے دوستوں نے معاملہ رفع دفع کروا دیا تو کچھ دیر بعد ملزم عرفان شوکت دوبارہ برانچ میں آیا اور اپنی جراب میں چھپایا ہوا چھرا نکال کر اس پر حملہ کر دیا تو موقع پر موجود اہلکاروں نے بڑی مشکل سے ملزم عرفان شوکت کو قابو کر کے اسکی جان بخشی کروائی تاہم ملزم کی جانب سے مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں۔ قبل ازیں بھی اسسٹنٹ عرفان شوکت مبینہ طور پر الیکشن میں شکست کھانے کے بعد مختلف لوگوں سے بدتمیزی اور گالم گلوچ کرتا رہتا ہے جس کے خلاف ایڈمن برانچ کو درخواستیں دی گئیں تھیں لیکن ان پر کوئی کارروائی نہ کی جسکی وجہ سے دفتر میں اس پر حملہ کر کے زیادتی کی ہے۔ اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں