سابق چیئرمین پائما کے دفتر میں آتشزدگی ‘دم گھٹنے سے ملازم جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منٹگمری بازار سوترمنڈی کے سابق چیئرمین پائما شیخ فاروق ظفر کے دفتر میں آتشزدگی کے دوران دم گھٹنے سے ملازم جاں بحق جبکہ بھاری مالیت کا سامان جل کر راکھ بن گیا، ریسکیو1122 کی پانچ گاڑیوں نے کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا، قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، سوترمنڈی میں خوف وہراس پھیل گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دوپہر کو ایشیا کی سب سے بڑی یارن مارکیٹ میں سابق چیئرمین پائما شیخ فاروق ظفر کے دفتر تین منزلہ عمارت کی دوسری منزل پر مبینہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اُٹھی’ جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے فلور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا’ دھواں کے بادل دیکھ کر وہاں پر موجود دیگر تاجروں نے ریسکیو1122 کو اطلاع کی تو ریسکیو فائر فائٹر کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ دوسرے فلور پر بھاری مالیت کا سامان’ فرنیچر اور دیگر دستاویزات جل گئیں جبکہ آگ لگنے کے باعث معروف تاجر ہمایوں عبدالحق کے دفتر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ لگنے کے باعث سوترمنڈی میں خوف وہراس پھیل گیا۔ ریسکیو1122 کی جانب سے آگ بجھانے کے بعد کولنگ کے عمل کے دوران شیخ فاروق ظفر کے دفتر سے اس کے ملازم 35سالہ ندیم عباس ولد محمد اشرف سکنہ 39گ ب کی نعش ملی جو کہ مبینہ طور پر آگ لگنے کے دوران دم گھٹنے سے زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ فیسکو کی طرف سے لٹکتی اور بے ہنگم تاروں کی بھرمار ہو چکی ہے۔ قبل ازیں بھی آگ لگنے کے واقعات میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں