سات کروڑ سال پرانا ڈائنوسار کا انڈہ مل گیا

بیونس آئرس(مانیٹرنگ ڈیسک )دنیا بھر کے ماہرینِ آثارِ قدیمہ کو حیران کر دینے والے ایک انکشاف میں محققین نے ارجنٹینا کے جنوبی علاقے پاتاگونیا کے صوبے ریو نیگرو میں ایک ایسا ڈائنوسار کا انڈا دریافت کیا ہے جو مکمل حالت میں محفوظ ہے۔ اس انڈے کی عمر تقریبا 7 کروڑ سال بتائی جا رہی ہے۔یہ انڈا شکل کے لحاظ سے شترمرغ کے انڈے سے مشابہ ہے اور ماہرین کا خیال ہے کہ یہ ایک چھوٹے گوشت خور ڈائنوسار کی نسل بونابارتینیکوس سے تعلق رکھتا ہے، جو آخری کریٹیشیس دور میں پایا جاتا تھا۔تحقیقی ٹیم کیمطابق یہ دریافت ڈائنوسار کے انڈوں کے محفوظ رہنے کے نایاب ترین معاملات میں سے ایک ہے۔ ماہرین کا گمان ہے کہ انڈے کے اندر جِنین کے کچھ فوسل باقیات موجود ہو سکتے ہیں، جن کی تصدیق کے لیے جدید امیجنگ ٹیسٹ کیے جائیں گے تاکہ کسی حیاتیاتی مادے کی موجودگی معلوم کی جا سکے۔ارجنٹینا کے برناردو ریواڈاویا میوزیم آف نیچرل سائنسز سے وابستہ ماہر گونزالو مونیوز نے جریدے نیشنل جیوگرافک سے گفتگو میں کہا یہ بالکل غیر متوقع تھا، ڈائنوسار کی ہڈیاں یا باقیات مل جانا عام بات ہے، لیکن کسی انڈے کا اس قدر مکمل اور محفوظ حالت میں ملنا غیر معمولی ہے۔مونیوز نے وضاحت کی کہ گوشت خور ڈائنوسار کے انڈے بہت نایاب ہوتے ہیں کیونکہ ان کے خول موجودہ پرندوں کے انڈوں کی طرح نازک ہوتے ہیں، جو لاکھوں سال کے دوران بآسانی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ دریافت ہر لحاظ سے غیر معمولی اور حیران کن ہے، کیونکہ اس طرح کی سالم حالت میں نمونہ ملنا بہت کم ممکن ہوتا ہے۔یہ انڈا اب ارجنٹینا کے قدرتی علوم کے میوزیم میں منتقل کیا جائے گا، جہاں اس پر تفصیلی مطالعات کیے جائیں گے۔ توقع ہے کہ یہ تحقیق ڈائنوسار کے ارتقا اور ان کے انڈے سے نکلنے کے عمل پر نئی روشنی ڈالے گی۔اس دریافت کے مقام پر ٹیم کو قدیمmammals کے دانت اور سانپوں کی ہڈیاں بھی ملی ہیں، جو ظاہر کرتی ہیں کہ یہ مقام ماضی میں کسی قدیم دور کا گھونسلہ یا افزائشی علاقہ رہا ہو گا۔تحقیقی ٹیم نے ایک وڈیو بھی جاری کی جس میں ریتلی زمین پر انڈے کے دریافت ہونے کا لمحہ دیکھا جا سکتا ہے۔ انڈا سطحِ زمین پر تقریبا مکمل حالت میں موجود تھا۔انسٹاگرام پر جاری اپنی پوسٹ میں ٹیم نے لکھا یہ ممکن ہے کہ یہ جنوبی امریکہ میں اپنی نوعیت کی پہلی دریافت ہو۔ یہ فوسل تقریبا 7 کروڑ سال قدیم ہے اور یہاں ڈائنوسار کے انڈوں کا ایک مکمل مجموعہ بھی برآمد ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں