سال2024میں ایف ڈی اے میں قائم عدالت سے قصور واروں کو22لاکھ سے زائد جرمانے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے میں قائم جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے سال2024 کے دوران 495کیسز میں قصورواروں کو مجموعی طور پر 22لاکھ 62ہزار روپے کے جرمانے عائد کرکے ریکوری کی ہے جبکہ 353کیسز ابھی زیر کارروائی ہیں۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کو ایک بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔ سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ /ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ i جنید حسن منج نے عدالتی کارروائیوں کے بارے میں مختلف تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ ودیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ بریفنگ میں بتایا گیا گزشتہ سال کے دوران اس عدالت نے قصور واروں کے خلاف مختلف چالانوں کی سماعت کی اور نقشہ جات کی خلاف ورزیوں، غیرقانونی کمرشلائزیشن، تجاوزات کرکے قانون شکنی کرنے اور پرائیویٹ ہائوسنگ سکیموں میں غیرقانونی ڈویلپمنٹ کرنے والوں کیخلاف مختلف مالیت کے جرمانے عائد کئے گئے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے عدالتی کارروائی پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قانون شکنی کے مرتکب افراد کو جرمانوں کی سزا اور ریکوری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کے دائرہ اختیار کے امور میں مختلف خلاف ورزیوں کے خلاف چالان کرنے اور ان کی سماعت پر جرمانے عائد کرنے کا مقصد قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ہے تاکہ بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں کی روک تھام کے ساتھ تجاوزات اور غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کی حوصلہ شکنی ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ کوئی چالان زیر التوا نہیں رہنا چاہئے اور اس ضمن میں سمن جاری کرکے ان کی تعمیل کو یقینی بنایا جائے۔ سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ جنید حسن منج نے بتایا کہ مختلف چالانوں کی مقررہ تاریخوں پر باقاعدگی سے سماعت کی جا رہی ہے اورقصورداروں کی حاضری کیلئے بار بار نوٹسز جاری کئے جاتے ہیں اور حاضر نہ آنے والوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرکے متعلقہ تھانوں کو تعمیل کے لئے بھجوائے جاتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں