سانحہ جڑانوالہ کے 2ملزمان بری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ جڑانوالہ میں پہلے مقدمہ کا فیصلہ سنادیا ہے’ مقدمہ میں ملوث دو ملزمان کو شک کا فائدہ دیکر بری کردیاگیا ہے جبکہ تیسرے ملزم کوعدالت پہلے ہی بیگناہ ہونے پر مقدمہ سے ڈسچارج کرچکی ہے۔ تھانہ سٹی جڑانوالہ پولیس کے علاقہ میں قرآنی آیات کی بیحرمتی کے بعد فسادات پھوٹ پڑے تھے جس کے دوران مشتعل مظاہرین نے چرچوں کیساتھ ساتھ مسیحی برداری کے گھروں کو نذر آتش کرنے کیساتھ ساتھ توڑ پھوڑ بھی کی تھی جبکہ تھانہ سٹی جڑانوالہ کے چک 61گ ب مہارانوالہ میں بھی 16اگست کو مشتعل مظاہرین نے چرچوں کو نذر آتش کرنے کے ساتھ ساتھ توڑ پھوڑ کی تھی۔ اس واقعہ کا مقدمہ 22اگست 2023ء کو تھانہ سٹی جڑانوالہ میں درج کیا گیا جبکہ یہ مقدمہ عاشر مسیح کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے سپیشل جج جاوید اقبال شیخ نے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے دو ملزمان عامر سہیل اور عبدالرحمن کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا ہے۔ اسی مقدمہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تیسرے ملزم اویس کو شناخت نہ ہونے پر مقدمہ سے ڈسچارج کردیا تھا۔ مدعی کی طرف سے اس مقدمہ میں 100سے 150 نامعلوم افراد کو بھی ملزم قرار دیا تھا، جن کے گرفتار ہونے پر انکے خلاف مقدمہ کی سماعت کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں