فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے “ستھرا پنجاب” پروگرام پر ایک جامع اور موثر پلان کے تحت مکمل عمل درآمد کیا جارہا ہے جس سے شہریوں کو نکاسی و فراہمی آب کی معیاری سروسز میں مزید بہتری آئے گی۔ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صارفین کی شکایات کو کم سے کم وقت میں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ایک مشن ہے جس کے لئے تمام آپریشنز افسران اور سٹاف کو ہمہ وقت متحرک رہنے اور مشینری کو آپریشنل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ شہر بھر کی تمام سب ڈویژنز میں سیوریج لائنوں کی صفائی و ڈی سلٹنگ کے لئے آپریشنز سٹاف شیڈول کے مطابق کام کررہا ہے جبکہ مین چینلز اور ڈرینج کی صفائی کے لئے بھاری مشینری استعمال کی جارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری کسی بھی جگہ مین ہولز کور نہ ہونے کی شکایات فری ہیلپ لائن 1334 پر کرا سکتے ہیں اور اس مسنگ مین ہول کور کو ہنگامی بنیادوں پر رکھا جارہا ہے۔ ایم ڈی واسا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مین چینلز،ڈرینج لائنز اور سیوریج لائنوں میں شاپر سمیت کسی بھی قسم کی سالڈ ویسٹ ہرگز نہ پھینکیں کیونکہ اس سے سیوریج مسائل پیدا ہوتے ہیں اور شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ واسا فیصل آباد “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت سیور لائنوں کی صفائی مکمل کروا رہا ہے اور مون سون سیزن سے قبل یہ آپریشن مکمل کر لیا جائے گا۔
