فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ انہار کے عملہ کی غفلت’ لاپرواہی کے باعث جڑانوالہ تا ستیانہ منی بائی پاس روڈ پر واقع نہر سے بھل ”گار” نکال کر غائب ہو گیا، دھواں بن کر اڑنے والی گردوغبار سے رہائشیوں کی زندگی اجیرن ہو گئی، اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی عنان قمر سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی صفائی کرتے ہوئے محکمہ انہار گار کو ساتھ ساتھ اٹھانے کے احکامات جاری کئے جائیں۔ تفصیل کے مطابق جڑانوالہ روڈ سے ستیانہ روڈ کی طرف واقع منی بائی پاس کے ساتھ ساتھ نہر گزرتی ہے اور وہاں پر مختلف ڈویلپرز کی طرف سے رہائشی کالونیاں تعمیر ہو چکی ہیں، محکمہ انہار کی جانب سے منی بائی پاس پر واقع نہر کی بھل صفائی کرتے ہوئے گار نکال کر سڑک کنارے پھینک رکھی ہے اور مذکورہ گار خشک ہونے پر اڑنے والے گرد وغبار کی وجہ سے شہریوں کا سانس لینا مشکل ہو چکا ہے اور اہل علاقہ گلے اور سانس کی بیماریوں کا شکار ہو کر ہسپتالوں کا رُخ کر رہے ہیں۔ منی بائی پاس پر بسنے والے مکینوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی عنان قمر سے مطالبہ کیا ہے کہ منی بائی پاس روڈ پر واقع نہر سے نکالی جانے والی گار کو فوری طور پر اٹھوانے کیلئے محکمہ انہار کے حکام کو پابند کیا جائے تاکہ نہر کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بیماریوں سے بھی محفوظ رکھا جا سکے۔
40