سدھار اور گردونواح میں لاک ڈاؤن کے نام پر کارروائیاں،دکاندار سراپا احتجاج

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار)سدھار اور گردونواح میں سمارٹ لاک ڈائون کے نام پر کارروائیوں کیخلاف چھوٹے دوکاندار سراپا احتجاج بن گئے۔ پولیس کی جانب سے کم بجلی استعمال کرنیوالی چھو ٹی دکانیں زبردستی بند کروائی جا رہی ہیں جبکہ درجنوں بلب روشن رکھنے والی بڑی دکانیں بدستور کھلی ہیں۔تفصیلات کے مطابق حکومتی احکامات کے تحت سمارٹ لاک ڈائون کا دائرہ دیہی علاقوں تک بڑھا دیا گیا ہے، جس کے باعث پہلے ہی مہنگائی سے متاثرہ غریب طبقے کے لیے روزگار کمانا مزید دشوار ہو چکا ہے۔ مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار مقررہ وقت سے قبل ہی چھوٹی دکانیں بند کروانے پہنچ جاتے ہیں، خصوصاً وہ دکانیں جہاں نہایت کم بجلی استعمال کی جا رہی ہوتی ہے۔دکانداروں نے سوال اٹھایا ہے کہ چند بلب بند کروانے سے حکومت کو کتنی توانائی کی بچت حاصل ہو رہی ہے، جبکہ بڑے کاروباری مراکز میں درجنوں لائٹس کے باوجود کسی قسم کی کارروائی دیکھنے میں نہیں آتی۔ ان کے مطابق یہ طرزِ عمل کھلا تضاد اور غریب طبقے کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔دوکانداروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں ان کا کاروبار پہلے ہی شدید متاثر ہے، اور اب پولیس کی کارروائیوں نے ان کے مسائل میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے حکومتِ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کم بجلی استعمال کرنے والی دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ غریب افراد کو بھی باعزت طریقے سے روزگار کمانے کا موقع مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں