سدھار میں بجلی کے خراب میٹرز تبدیل نہ ہوسکے

ٹھیکریوالہ (شاہد مقرب سے) سدھار اور گردونواح میں خراب میٹرز تبدیل نہ ہونے سے بجلی کا ناجائز استعمال، عام صارفین پر اضافی بوجھ۔ سدھار اور گردونواح میں فیسکو کی غفلت کے باعث خراب بجلی میٹرز تاحال تبدیل نہ ہو سکے، جس کے نتیجے میں کئی صارفین بجلی کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیسکو کے پاس نئے میٹرز کی عدم دستیابی کے باعث درجنوں خراب میٹرز کو تاحال تبدیل نہیں کیا جا سکا، جس کی وجہ سے ان میٹرز سے بجلی کی ریڈنگ ممکن نہیں رہی۔اسی خامی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض صارفین نے اپنے گھروں میں ایئرکنڈیشنڈ اور دیگر ہیوی مشینری کا استعمال بڑھا دیا ہے، جس سے بجلی کی کھپت معمول سے کئی گنا زیادہ ہو گئی ہے۔ ایسی صورتحال میں جہاں کچھ لوگ بجلی فری استعمال کر رہے ہیں، وہیں اس کا مالی بوجھ دیگر ایماندار اور بل ادا کرنے والے صارفین پر منتقل ہو رہا ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ فیسکو حکام کی نااہلی اور مجرمانہ خاموشی کے باعث بجلی کے ناجائز استعمال میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، مگر کوئی ادارہ اس سنگین مسئلے کا نوٹس نہیں لے رہا۔ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ فوری طور پر خراب میٹرز کی تبدیلی کا عمل شروع کیا جائے اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں