سدھار میں کمسن ڈرائیور حادثات بڑھنے کا باعث بن گئے

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار)سدھار اور گردونواح میں کم سن ٹریکٹر ڈرائیوروں کا راج، حادثات معمول بن گئے شہری پریشان، کارروائی کا مطالبہ۔ سدھار اور ملحقہ دیہاتوں میں کم سن بچوں کے ہاتھوں ٹریکٹر ٹرالی چلانے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہوگیا ہے۔ کم عمر اور غیر تربیت یافتہ ڈرائیور نہ صرف قانون کی کھلی خلاف ورزی کر رہے ہیں بلکہ روزانہ کی بنیاد پر حادثات اور سڑکوں کی بندش کا باعث بھی بن رہے ہیں۔شہریوں کے مطابق، دیہاتوں کو آپس میں ملانے والی سڑکوں پر مٹی، اینٹوں اور توڑی سے بھری ٹرالیوں کو اکثر ایسے بچے چلاتے ہیں جنہیں نہ ڈرائیونگ کی سمجھ ہے اور نہ ٹریفک قوانین کی آگاہی۔ ان کی غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کی وجہ سے سڑکیں اکثر بند رہتی ہیں، ٹریفک جام معمول بن چکا ہے، جبکہ حادثات کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی بھی ہو چکے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس افسران موٹر سائیکل اور رکشہ سواروں کے معمولی چالان تو فوری کر دیتے ہیں مگر ان ٹریکٹر ٹرالی مالکان اور کم سن ڈرائیوروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی جو کھلے عام انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔علاقہ مکینوں نے چیف ٹریفک آفیسر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ سدھار، ٹھیکریوالہ اور گردونواح کے دیہی علاقوں میں خصوصی آپریشن کیا جائے۔ غیر قانونی طور پر گاڑیاں چلانے والے کم سن ڈرائیوروں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے اور سڑکوں پر نظم و ضبط بحال ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں