سردیوں کی آمد،خشک میوہ جات کی بہار آگئی

ساہیوال (بیوروچیف) سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی بازاروں میں خشک میوہ جات کی بہار آگئی ہے۔ شہر کے مختلف بازاروں اور چوکوں میں بادام، اخروٹ، پستہ، کا جو، چلغوزہ، کھجوریں اور کشمش کے ساتھ ساتھ شہریوں کی پسندیدہ مونگ پھلی کے سٹال بھی سج گئے ہیں۔ بچوں ، خواتین اور بزرگوں سمیت ہر عمر کے لوگ خریداری میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ تاجروں کے مطابق خشک میوہ جات کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 سے 20 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، تاہم مونگ پھلی کی قیمت نسبتا مناسب ہونے کے باعث عوام کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے سردی میں اضافہ ہوگا، مونگ پھلی اور گرم خشک میوہ جات کی مانگ مزید بڑھے کی۔ شہریوں نے کہا کہ سردیوں کی شاموں میں مونگ پھلی کھانا نہ صرف روایت ہے بلکہ ایک تفریح بھی بن چکی ہے۔ پارکوں، بازاروں اور چائے کے کھوکھوں پر دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر مونگ پھلی کھانے کا لطف سردی کی رونقوں کو دوبالا کر دیتا ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ خشک میوہ جات کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں