سرکاری سکولوں کو پرائیویٹ سے بھی بہتر بنانا چاہتے ہیں ‘ مریم

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سرکاری سکولوں میں پہلی مرتبہ وین اور بس سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے جامع پلان طلب کرلیا، ان کا کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں کا معیار اچھے پرائیویٹ سکولوں سے بھی بہتر بنانا چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ کی زیر صدات سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کاخصوصی اجلاس گزشتہ روز ہوا جس میں آئوٹ سورس سکولوں، سکول میل پروگرام اور دیگر پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈسپلن، کلاس روم، لیب اور معیار تعلیم کی بنیاد پر سکول آف منتھ اور بہترین کارکردگی پرٹیچرآف دی منتھ ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ،مریم نواز نے آن ویل مونٹیسری سکول پراجیکٹ شروع کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کر دی۔ سرکاری سکولوں میں پہلی مرتبہ وین اوربس سروس متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا،اس پر وزیراعلیٰ نے جامع پلان طلب کر لیا۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بریفنگ میں بتایاکہ پنجاب میں سکولوں کی آٹ سورسنگ کے شاندار نتائج سامنے آرہے ہیں،طلبہ انرولمنٹ میں 99فیصد اور ٹیچرز کی تعداد میں 114فیصد اضافہ ہوا ہے ، آئوٹ سورس کردہ سکولوں میں 80فیصد انفراسٹرکچر میں بہتری کا ہدف مکمل کرلیا گیا ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے دنیا کی سب سے بڑی کامیاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا ریکارڈ قائم کیا ہے ، سرکاری سکول آٹ سورس کرنے سے محض16 ماہ میں 13لاکھ انرولمنٹ بڑھ چکی ہے ، مزید ساڑھے 10ہزار سکول ایک سال میں آٹ سورس ہونگے۔ وزیراعلیٰ نے پیف ایجوکیشن ٹیک سکولوں کے پائلٹ پراجیکٹ کا اجرا کر دیا،انہوں نے دیہات میں بھی ایجوکیشن ٹیک سکول شروع کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان، لیہ، لودھراں، بھکر، میانوالی اوربہاولنگر کے اضلاع میں سکول میل پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ کوالٹی آف ایجوکیشن کے لئے ٹیچر کی معیاری ٹریننگ اشد ضروری ہے۔پنجاب بھر میں سکولوں کے داخلی راستوں کو یکساں طور پر بہتر بنایا جائے۔ مریم نواز نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 58ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ فاطمہ جناح کی شخصیت پاکستان کی خواتین کے لئے ہمت، کردار اور وقار کی علامت ہے ،انہوں نے اپنے عظیم بھائی قائد اعظم محمد علی جناح کا ہر محاذ پر ساتھ دیا، بطور خاتون میں محترمہ فاطمہ جناح کو رول ماڈل سمجھتی ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں