58

سرکاری واجبات کی عدم وصولیوں پر کمشنر سرگودھا بلدیہ افسران پر برہم

سرگودہا(بیوروچیف)کمشنر / ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن محمد اجمل بھٹی نے چیف آفیسر اور میونسپل افسران کی چھ ماہ کی کارکردگی کو ناقص قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے دفتری امور میں دلچسپی لیں اور ماتحت اہلکاروں کو بھی پابند بنائیں کہ وہ دیئے گئے اہداف کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں نیز صحت و صفائی کے امور کو بھی بہتر بنایا جائے۔ وہ میونسپل کارپوریشن کے افسران کی چھ ماہ کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں سی او طارق پرویا سمیت تمام میونسپل افسران نے شرکت کی۔ کمشنر / ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ تمام ایم اوز پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں آزادانہ ماحول فراہم کیا گیا لیکن افسران سروس ڈلیوری میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے سی او کو تمام ایم اوز سے فوری اجلاس کرکے منصوبہ سازی میں فقدان کو دور کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دو دن بعد دوبارہ اجلاس کرکے ہر انسپکٹر کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیں گے کہ اسے سرکاری واجبات کی وصولی کا کیا ہدف دیا گیا اور اب تک کتنا حاصل ہوچکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناقص کارکردگی کے حامل انسپکٹرز کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کمشنر نے فنانس برانچ کی جانب سے محکمہ ایکسائز سے 55 لاکھ گھروں میں پینے کے پانی کے کنکشن کا ریکارڈ حاصل کرنے کے باوجود واجبات کی وصولی نہ ہونے پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایم او آر برانچ کی جانب سے دکانوں کے کرایوں اور بقایا جات کی اہداف کے مطابق وصولی نہ ہونے کا بھی نوٹس لینے ہوئے افسران کو سخت تنبیہ کی کہ وہ واجبات کی وصولی کو تیز کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں