لاہور (بیوروچیف) سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے کہاہے کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کے محفوظ علاج و معالجہ اور صاف ستھرے ماحول کو یقینی بنانے کا عزم کررکھا ہے اور محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں کی بہترین مانیٹرنگ اور انسپکشن کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں زہریلے فضلے کا سٹاک صرف ڈیڑھ ماہ کے دوران تقریباً 62 ہزار کلو سے کم ہو کر 14 ہزار کلو رہ گیا اور متعلقہ ہسپتالوں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے اور ان کو باقی رہ جانے والا 14 ہزار کلو زہریلے فضلے کا سٹاک بھی اگلے پندرہ روز میں ختم کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ سیکرٹری صحت نے مزید بتایاکہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے مختلف سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں مکمل طور پر غیر فعال انسنریٹرز کو فعال کروایا اور موجودہ انسنریٹرز کی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن کے مطابق سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں
2