سرکاری ہسپتالوں کی پرانی مشینری تبدیل کرانے کیلئے ایم پی اے ندیم صاڈق ڈوگر سرگرم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 113 ندیم صادق ڈوگر نے شہر کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں زائد المیعاد مشینری کو تبدیل کروا نے کیلئے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروا دی۔ ممبر صوبائی اسمبلی ندیم صادق ڈوگر نے تحریک التوائے کار میں بتایا کہ مقامی اخبار میں خبر شائع ہوئی تھی کہ سرکاری ہسپتالوں کی بیشتر مشینری زائد المیعاد ہونے کی وجہ سے اکثر غیر فعال رہتی ہے۔ جسکی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں انجیوگرافی مشین 2007ء سے زیراستعمال ہے جو کہ 4سال قبل طے شدہ معیاد پوری کر چکی ہے۔ انتظامیہ کی آگاہی کے باوجود مشین کی تبدیلی کے حوالے سے محکمہ صحت نے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ شہر کے سب سے بڑے الائیڈ ون ہسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی سی ٹی سکین مشین آئے روز خراب رہتی ہے۔ ایم آئی آر مشین کی صورتحال بھی ایسی ہی ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مرمت اور درستگی کیلئے سالانہ لاکھوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ کینسر وارڈ کے شعبہ ریڈیالوجی میں مشینوں کی تنصیب کو بھی تیس سال کا عرصہ گزر چکا ہے اور انہیں بھی ایک دفعہ تبدیل نہیں کیا گیا۔ الائیڈ ٹو ہسپتال کی سی ٹی سکین مشین بھی خرابی کی وجہ سے اکثر بند رہتی ہے جسکی وجہ سے مریضوں کی مشکلات میں اضافہ ہو ر ہا ہے۔ چلڈرن ہسپتال کی اکلوتی انجیوگرافی مشین بھی تین سال سے بند ہے۔ حکومت نے خصوصی طور پر گزشتہ دو سال کے دوران ہسپتالوں کی ریویمپنگ کی مد میں سرکاری ہسپتالوں پر اربوں روپے لگائے مگر مشینری کی اپ گریڈیشن کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جسکی وجہ سے مریضوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے مریضوں اور ان کے لواحقین نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاج گاہوں میں فوری طور پر پرانی مشینری تبدیل کر کے نئی مشینری فراہم کی جائے تاکہ مریضوں کو ریلیف ملے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں