سرکلر روڈ پر گرائی جانیوالی دکانیں کاروبار شروع ہونے پر دوبارہ مسمار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ نے سرکلر روڈ پر گرائی جانے والی دکانوں پر دوبارہ آپریشن کرتے ہوئے مسمار کر دیا، دوبارہ سرکلر روڈ پر کرین پہنچنے پر تاجروں میں خوف وہراس پھیل گیا’ تاجروں نے دکانیں بند کر کے احتجاج بھی کیا۔ ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل ضلعی انتظامیہ نے سرکلر روڈ پر آپریشن کرتے ہوئے رجسٹریاں نہ ہونے پر 16 کے قریب دکانوں کو مسمار کر دیا تھا اور سرکلر روڈ کی تمام دکانوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے گرائے جانے کے احکامات دے رکھے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کو اطلاع ملی تھی کہ سرکلر روڈ پر گرائی جانے والی دکانوں پر مالکان نے شٹر وغیرہ لگا کر دوبارہ کاروبار شروع کر دیا ہے جس پر ضلعی انتظامیہ نے دوبارہ آپریشن کرتے ہوئے مذکورہ دکانوں کو مسمار کر دیا اور تاجروں کو کاروبار سے روک دیا۔ ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ دوبارہ آپریشن کرنے کی غرض سے سرکلر روڈ کو بلاک کر کے کرین آئی تو تاجروں میں کھلبلی مچ گئی اور تاجروں نے دکانیں بند کر کے احتجاج کیا۔ تاہم ضلعی انتظامیہ نے پرانی مسمار کی جانے والی دکانوں کو دوبارہ گرا دیا اور مالکان کو کہا کہ اگر انہوں نے دوبارہ دکانوں پر کاروبار کرنے کی کوشش کی تو ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں