1

سرگودھا سے کنوں کی ایکسپورٹ میں نمایاں اضافہ

سرگودھا (بیورو چیف)ضلع سرگودھا سے رواں سال اب تک 97 ہزار میٹرک ٹن سے زائد سٹرس ایکسپورٹ کیا جا چکا ہے جبکہ سیزن کے اختتام تک یہ حجم 120 ہزار میٹرک ٹن سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔ اس سال سٹرس کی پیداوار بہتر رہی اور کاشتکاروں کو ریٹس بھی تسلی بخش مل رہے ہیں، جن میں فی من قیمت 15 سو 17 روپے تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس امر کا انکشاف ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سٹرس بحالی پروگرام کے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت میں کیا گیا۔ اجلاس میں سٹرس کی پیداوار، کوالٹی، ایکسپورٹ اور کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال ضلع سرگودھا کا 70 فیصد سٹرس فروخت ہو چکا ہے اور مارکیٹ میں کسی قسم کا بحران نہیں۔ ڈالر ریٹ بہتر ہونے کے باعث ایکسپورٹرز کو بھی فائدہ حاصل ہو رہا ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال کوالٹی ایکسپورٹ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جہاں پچھلے سال 30 فیصد جبکہ رواں سال 50 فیصد اعلیٰ معیار کی پیداوار ایکسپورٹ کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے اجلاس کو سپلائی چین، فارمز سے ایکسپورٹ تک کے مراحل اور نئی ورائٹیز پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال 60 نئی ورائٹیز متعارف کرائی گئی ہیں جو بین الاقوامی معیار پر پورا اترتی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے سٹرس بحالی پروگرام کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال سٹرس کی پیداوار 26 لاکھ میٹرک ٹن رہی جبکہ اس سال پیداوار 30 لاکھ میٹرک ٹن سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں