سرگودھا میں اہم ترقیاتی سکیموں کی منظوری،شہری سہولیات بہتر بنانے کا فیصلہ

سرگودہا(بیورو چیف)کمشنر سرگودہا/ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کی تین اہم ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی۔منظور کی گئی سکیموں میں شہر کے مختلف علاقو ں میں ٹوٹی سڑکوں کا پیچ ورک، اسلام پورہ فلائی اوور پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور خوشاب روڈ کے سٹی ایریا میں بیوٹیفکیشن پلان کے تحت گرل لگانے کا منصوبہ شامل ہے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ماجد بن احمد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں جہاں سڑکیں خراب ہیں وہاں مرحلہ وار پیچ ورک کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے۔ اسلام پورہ فلائی اوور پر جدید اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی جو خودکار نظام کے تحت شام کے وقت روشن اور صبح بند ہو جایا کریں گی۔ اس کے علاوہ خوشاب روڈ کے میونسپل کارپوریشن کے دائرہ اختیار میں بیوٹیفکیشن پلان کے تحت گرلز نصب کی جائیں گی تاکہ علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہو۔ کمشنر سرگودہا نے ہدایت کی کہ ایسے مقامات پر پیچ ورک نہ کیا جائے جہاں واسا کے سیوریج منصوبوں کے تحت جلد کھدائی متوقع ہو۔ انہوں نے تمام ترقیاتی کاموں میں معیار کو یقینی بنانے اور سرکاری قواعد و ضوابط کے مطابق کام مکمل کرنے پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں