سرگودھا میں ترقیاتی اسکیمیں بروقت مکمل کی جائیں،کمشنر کی ہدایت

سرگودہا ( بیوروچیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ڈویژنل شوگر سیس کمیٹی کا اجلاس ان کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں خوشاب اور میانوالی اضلاع سے متعلق مختلف ترقیاتی اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تین اہم اسکیموں کی منظوری دی گئی جن کا مقصد گنے کے کاشتکاروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا اور ملز تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔ منظور شدہ اسکیموں میں خوشاب ضلع کی دو سڑکوں کی تعمیر، بحالی اور توسیع شامل ہے۔ پہلی اسکیم کے تحت بولا سے جوہرآباد شوگر ملز تک سڑک (لمبائی 2.30 کلومیٹر) کو بہتر بنایا جائے گا، جبکہ دوسری اسکیم میں شوگر ملز روڈ سے سگال چوک تک سڑک (لمبائی 2.30 کلومیٹر) کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔ دونوں اسکیموں کا مقصد گنے کی ترسیل کو تیز اور موثر بنانا ہے۔اسی طرح ضلع میانوالی میں نصیر والا روڈ سے وان والا روڈ تک، بائیں جانب غلامن مائینر کے ساتھ واقع سڑک (لمبائی 1.40 کلومیٹر) کی تعمیر و بحالی و توسیع کی منظوری دی گئی، جو مقامی کسانوں کے لیے ایک اہم سہولت ثابت ہوگی۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ایس ای ہائی ویز رانا عابد علی، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران اور محکمہ خوراک کے افسران کے علاؤہ ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر اور ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد گورائیہ نے اپنی ٹیموں کے ہمراہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔کمشنر سرگودہا جہانزیب اعوان نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی اسکیموں پر کام بروقت، شفافیت اور معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیا جائے تاکہ کسانوں اور عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات جلد ازجلدمیسرآئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں