سرگودھا ڈویژن سے1078افغان مہاجرین کو طورخم بارڈر پر پہنچایا گیا ہے

سرگودہا (بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی بہبود کے اقداما ت ، دھی رانی پروگرام فیز ٹو، افغان مہاجرین کی واپسی اور چاروں اضلاع میں انسداد تجاوزات آپریشن اور بیوٹیفکیشن کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چاروں ڈپٹی کمشنروں نے ایجنڈا ایٹمز پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے دھی رانی پروگرام فیز ٹو کے تحت سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں جوڑوں کی تعداد اور اجتماعی شادیوں کی تاریخ اور انتظامات بارے آگاہ کیا۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ دھی رانی پروگرام حکومت پنجاب کا اہم انیشیٹو ہے جس کو کامیاب بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں افغان مہاجرین کی تفصیلات پیش کی گئی اور بتایا گیا کہ ضلع سرگودھا سے اب تک 336 مہاجرین کو طور خم بارڈر پر منتقل کیا گیا ہے، خوشاب سے 542 میانوالی سے 168 جبکہ بھکر سے 32 مہاجرین طور خم بارڈر پر پہنچا دیے گئے ہیں جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ کمشنر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے عوامی بہبود کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ مرغی کے مقررہ نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے انتظامی افسران کو “اپنا گھر اپنی چھت” کے تحت زیر تعمیر مکانات کا بھی وقتا فوقتا موقع پر جا کر جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے چاروں اضلاع میں تجاوزات آپریشن میں مزید تیزی لانے کے علاوہ شہروں کی خوبصورتی کا جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی۔ کمشنر نے غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کے خاتمہ تک کریک ڈائون جاری رکھنے، کھلے مین ہولز اور اوارہ کتوں کی تلفی کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز کو ریونیو واجبات کے وصولی کے اہداف کو یقینی بنانے کے عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو عوامی بہبود کے اقدامات کے علاوہ دیگر انیشیٹو پر ماتحت افسران کی اب تک کی کارکردگی کا جائزہ لے کر رپورٹ ان کے دفتر بھجوانے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم، ڈپٹی کمشنر خوشاب فروہ عامر، ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد گورائیہ، ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن یاسر بھٹی، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شاکرہ نورین اور اے ڈی سی آر سرگودہا فہد محمود بھی شریک ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں