سرگودھا ڈویژن میں جدید الیکٹرک بس سروس کا جلد آغاز ہوگا،کمشنر جہانزیب اعوان

سرگودہا (بیورو چیف) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت عوام کو آسان، سستی اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے سرگودہا ڈویژن میں جدید الیکٹر ک بس سروس کے منصوبے کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں سرگودہا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں مجموعی طور پر72 الیکٹر ک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ابتدائی طور پر سرگودہا شہر میں 48، خوشاب میں 12، جبکہ میانوالی اور بھکر میں 6، 6 بسیں چلائی جائیں گی۔کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے پیر کے روز سرگودہا بائی پاس، لاہور روڈ پر بنائے جانے والے مرکزی بس ٹرمینل کی مجوزہ سائٹ کا دورہ کیا اور منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ملک محمد طاہر نے منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں سرگودہا میں چار بڑے روٹس پر 12، 12 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ ان روٹس میں سرگودہا سے سلانوالی، ساہیوال، بھلوال اور کوٹ مومن شامل ہیں۔ ان تمام روٹس پر شہریوں کو جدید، آرام دہ اور کم لاگت سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ہر الیکٹرک بس میں بیک وقت 80 مسافر سفر کر سکیں گے۔ بس کا کرایہ عام بسوں کے مقابلے میں نصف ہوگا، جبکہ معمر شہریوں، خصوصی افراد اور طلبہ کو بسوں میں مفت سفر کی سہولت دی جائے گی۔ سیکرٹری آر ٹی اے نے بتایا کہ ہر روٹ پر جدید طرز کے بس اسٹاپس تعمیر کیے جائیں گے، جہاں مسافروں کے بیٹھنے، پینے کے صاف پانی، ہوا دار پنکھوں، اور خواتین و مردوں کے لیے علیحدہ بیٹھنے کے انتظامات موجود ہوں گے۔ یہ بسیں روزانہ صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک سروس فراہم کریں گی، تاکہ شہریوں کو ہر وقت باسہولت سفر میسر آ سکے۔کمشنر سرگودہا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بائی پاس پر 53 کنال اراضی پر مرکزی بس ٹرمینل تعمیر کیا جا رہا ہے جو اس منصوبے کا مرکز ہو گا۔ ٹرمینل میں مسافروں کے لیے تمام ضروری سہولیات دستیاب ہوں گی۔ منصوبے کے تحت ان روٹس پر جہاں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، وہاں چنگ چی رکشوں پر پابندی عائد کر دی جائے گی تاکہ ٹریفک کے نظام میں بہتری آئے اور ماحولیات پر مثبت اثرات مرتب ہوں۔سیکرٹری آر ٹی اے ملک محمد طاہر نے بتایا کہ خوشاب میں پہلے مرحلے میں قائد آباد تک الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ جنوری 2026 میں مزید الیکٹرک بسیں سرگودہا ڈویژن کو فراہم کی جائیں گی، جن کے ذریعے دیگر علاقوں کو بھی اس سہولت میں شامل کیا جائے گا اور پہلے سے متعین روٹس پر بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ نہ صرف شہریوں کو آرام دہ اور سستا سفر فراہم کرے گا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی، ٹریفک کے نظام میں بہتری اور توانائی کے بہتر استعمال کی جانب بھی ایک مثبت قدم ثابت ہوگا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا یہ انقلابی اقدام شہری سہولیات کی بہتری اور جدید ٹرانسپورٹ نظام کی جانب اہم سنگ میل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں