سرگودھا ڈویژن میں1175انسداد ڈینگی ٹیمیں متحرک

سرگودہا (بیوروچیف)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں کو موثر بنایا جائے اور چاروں اضلاع میں “انسدادِ ڈینگی ڈے” بھرپور انداز میں منایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے پیشگی اقدامات کیے جائیں اور ہاٹ اسپاٹ ایریاز میں خصوصی مہم چلائی جائے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں خوشاب ،میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز، ایم ڈی واسا، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ، اے ڈی سی سی جی سرگودہا اور پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب صاف پانی اتھارٹی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر رانا محمد ریاض نے اجلاس کو بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سرگودہا میں ڈینگی کے 3 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس وقت ڈویژن میں 1175 انسداد ڈینگی ٹیمیں متحرک ہیں، جن میں 893 ان ڈور اور 282 آئوٹ ڈور ٹیمیں شامل ہیں جو گھروں اور کھلی جگہوں پر سرویلنس جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اجلاس میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی، ای پی پی ویکسی نیشن مہم، سرگودہا سٹی کے بڑے سیوریج منصوبے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے عوامی بہبود کے اقدامات پر پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب صاف پانی اتھارٹی یاسر بشیر نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 84 غیر فعال فلٹریشن پلانٹس میں سے 76 فعال کر دیے گئے ہیں، باقی ایک ہفتے میں مکمل فعال ہو جائیں گے۔ دوسرے مرحلے میں بھکر، خوشاب اور میانوالی میں مزید فلٹریشن پلانٹس نصب کیے جائیں گے، جبکہ خوشاب میں ایک جدید بوٹلنگ پلانٹ بھی لگایا جائے گا۔ ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ سرگودہا سٹی کے بڑے سیوریج منصوبے پر نَسپاک نے سروے اور جیو ٹیکنگ کا کام مکمل کر لیا ہے اور امکان ہے کہ منصوبے کا آغاز دسمبر میں ہوگا۔کمشنر سرگودہا نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز فلٹریشن پلانٹس کا خود معائینہ کریں اور پانی کے معیار کو وقتاً فوقتاً چیک کرتے رہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے ایچ وی پی ویکسی نیشن مہم کا ہدف ہر صورت دو دن کے اندر مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں چاروں اضلاع میں وزیر اعلی پنجاب کے عوامی بہبود کے اقدامات پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں