سرگودھا ڈویژن کے غیر فعال88واٹر فلٹریشن پلانٹس بحال کرنیکا فیصلہ

سرگودہا (بیوروچیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے حکام نے ڈویڑن بھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی نے سرگودہا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں غیر فعال 88 واٹر فلٹریشن پلانٹس کو مرحلہ وار بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بحالی 30 جون 2025 تک مکمل کی جائے گی۔ غیر فعال فلٹریشن پلانٹس میں سرگودہا کے 35 پلانٹس ، خوشاب کے4 پلانٹس ، میانوالی کے8 پلانٹس اور بھکر کے41 پلانٹس شامل ہیں۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں ڈویڑن کے ان 449 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں پانی پینے کے قابل نہیں (یعنی ٹی ڈی ایس لیول 1000 سے زائد ہے) ان علاقوں میں شہری اور دیہی دونوں اقسام کی آبادیاں شامل ہیں۔ ان مقامات پر جدید (آر او) پلانٹس کی تنصیب کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو معیاری اور صحت بخش پانی میسر آ سکے۔اتھارٹی نے چاروں اضلاع میں موجود تمام فلٹریشن پلانٹس کو اپنے انتظامی کنٹرول میں لے لیا ہے۔ ان پلانٹس کو بتدریج آؤٹ سورس کیا جائے گا تاکہ ان کی موثر نگرانی اور بروقت مرمت و دیکھ بھال ممکن ہو اور شہریوں کو ان کے گھروں کے قریب صاف پانی کی سہولت فراہم کی جا سکے۔کمشنر سرگودہا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاف پانی انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے اور حکومت پنجاب اس حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبوں پر بروقت عملدرآمد ممکن ہو اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔اجلاس میں صاف پانی کے منصوبوں کی فزیکل پیش رفت، مالی امور اور درپیش چیلنجز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مانیٹرنگ اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ آصف اقبال ملک، ایس ایس پبلک ہیلتھ انجینئرنگ امجد علی ، پنجاب صاف پانی کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد جمیل کے علائوہ ڈپٹی کمشنر خوشاب فروہ عامر ، ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد گورائیہ اور ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں