40

سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مزید متحرک کیا جائے

سرگودہا (سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اجلاس میں سرگودہا میں ستھرا پنجاب پروگرام پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم ، اے ڈی سی آر فہد محمود ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ آصف اقبال ملک ، ڈپٹی ڈائریکٹر بابر رانجھا اور سی او ضلع کونسل اسد ہریا نے شرکت کی۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ستھرا پنجاب پروگرام کا مقصد صوبہ کو گندگی سے پاک کرکے صحت مند اور خوبصورت بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عوام دوست منصوبے کی کامیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور زمہ داران صاف ستھرا سرگودہا بنانے پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع بھر کی 157 دیہی یونین کونسلوں کے 797 دیہاتوں میں سے 398 کو ایک دفعہ مکمل صاف کیا جا چکا ہے۔ جبکہ بقایا اب399 دیہاتوں کو بھی 15 نومبر تک زیرو وییسٹ بنا دیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا کہ تین یونین کونسلوں کا ایک کلسٹر بنایا گیا ہے اور صفائی آپریشن میں 157 رکشے،21 ٹریکٹر ٹرالیاں اور 7 ایکس ویٹر استعمال میں لائے جارہے ہیں۔ ہر کلسٹر میں صفائی امور کے لیے 8 ورکرز کام کر رہے ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ دیہاتوں سے اب تک 3 ہزار 752 روڑیاں صاف کی جا چکی ہیں۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مزید متحرک بنانے اور مقرر کردہ ریٹ لسٹوں کے ہر چھوٹی بڑی دکانوں اور ریڑھیوں پر آویزاں کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے گندم کاشت کے مقررہ ہدف کو حاصل کرنے کے لیے اسسٹنٹ کمشنروں ، ریونیو فیلڈ سٹاف کو زراعت افسران سے ملکر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں