سرگودہا کے جواد احمد کی عالمی باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں تاریخی فتح

سرگودہا( بیورو چیف) سرگودہا کے جواد احمد کی عالمی باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں تاریخی فتح ۔ ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی حوصلہ افزائی رنگ لے آئی ۔سرگودہا کے سپوت، باصلاحیت نوجوان جواد احمد نے دبئی میں منعقدہ عالمی پاور لفٹنگ اینڈ باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈیا کے معروف باڈی بلڈر سندیپ سنگھ کو شکست دے کر عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا۔ اس بین الاقوامی مقابلے میں جرمنی، یوکے، جنوبی افریقہ، انڈیا، سری لنکا، نیپال اور دیگر ممالک سے نامور باڈی بلڈرز نے شرکت کی۔جواد احمد نے نہ صرف ماسٹر کیٹیگری بلکہ آل کیٹیگریز میں بھی نمایاں پوزیشن حاصل کرتے ہوئے پاکستان کا پرچم بلند کیا۔ انڈیا کا کھلاڑی دوسرے جبکہ سری لنکا کا باڈی بلڈر تیسرے نمبر پر رہا۔ جواد احمد کی یہ کامیابی عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بنی ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ چیمپئن شپ میں روانگی سے قبل ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے جواد احمد سے خصوصی ملاقات کی، اس کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ڈی سی سرگودہا نے جواد احمد کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرگودہا کے نوجوان دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں، اگر انہیں مناسب رہنمائی اور سہولیات فراہم کی جائیں۔جواد احمد کی شاندار فتح پر ڈپٹی کمشنر سرگودہا نے پوری پاکستانی قوم، بالخصوص سرگودہا کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ جواد احمد کی کامیابی نہ صرف سرگودہا بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ہم ہر سطح پر ایسے باصلاحیت نوجوانوں کی سرپرستی جاری رکھیں گے تاکہ وہ مستقبل میں بھی بین الاقوامی میدانوں میں ملک کا نام روشن کرتے رہیں۔ ڈپٹی کمشنر سرگودہا نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ آئندہ بھی کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی اور کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں