سعودیہ سے1ہفتہ میں13ہزار غیر قانونی تارکین وطن بے دخل

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران اقامہ، لیبر اور سرحدی قانون کی مزید 21 ہزار29 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ 13 ہزار 213 غیرقانونی تارکین کو ان کے ملک واپس بھیجا گیا۔5 سے 11 فروری 2026 کے درمیان مجموعی طور پر 12 ہزار 875 افراد کو اقامہ قانون، 4 ہزار778 کوغیر قانونی سرحد عبور کرنے کی کوشش اور 3 ہزار376 کو قانون محنت کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا۔سعودی عرب میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش پر 2 ہزار307 افراد کو گرفتار کیا گیا، ان میں 52 فیصد ایتھوپین، 47 فیصد یمنی اور ایک فیصد دیگر ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔علاوہ ازیں 75 ایسے افراد کو بھی پکڑا گیا ہے جو سرحد پار کرکے سعودی عرب سے ہمسایہ ملکوں میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔ سفر، رہائش، روزگار اور پناہ دینے کی کوششوں میں ملوث 29 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 23 ہزار 212 تارکین جن میں 22 ہزار 40 مرد اور ایک ہزار 272 خواتین شامل ہیں، اس وقت ضوابط پر عملدرآمد کے عمل سے گزر رہے ہیں۔ ضوابط کی خلاف ورزیوں پر 16 ہزار 121 کو حراست میں لیا گیا، انہیں سفری دستاویز ات کے لیے سفارتحانوں یا قونصلیٹ سے رابطہ کرنے اور دو ہزار 270 کو سفری انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ 13 ہزار 213 کو ان کے ملک واپس بھیجا گیا۔واضح رہے سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کو سفری، رہائشی یا ملازمت کی سہولت فراہم کرنا قانونا جرم ہے اور اس کے لیے مختلف سخت سزائیں مقرر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں