33

سعودیہ پاکستان کومعاشی بحران سے نکالنے کیلئے تیار

اسلام آباد(بیوروچیف) وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے وفود کی سطح پر ملاقات کی۔سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سعودی وفد کے ہمراہ وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد پہنچے جہاں وزیرِ اعظم شہبازشریف نے اپنی کابینہ کے ہمراہ سعودی وزیرِ خارجہ کا استقبال کیا،وزیراعظم اور سعودی وزیرخارجہ کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری پر بھی بات چیت کی گئی۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں اسٹرٹیجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا، اس موقع پر طے پایا کہ پاک سعودی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے پلیٹ فارم سے کثیر الجہتی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔سعودی وزیرخارجہ نے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے سعودی عرب کے کلیدی کردار کی یقین دہانی کرائی۔ملاوزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزراء شریک ہوئے ۔ تمام وزراء نے اپنی وزارتوں سے متعلق منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی۔ سعودی وفد کو ٹرانسمیشن لائنز ،سولر پراجیکٹس، کان کنی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری سے متعلق تجاویز بھی دی گئیں۔وفد کو پی آئی اے ،ایئرپورٹس کی نجکاری، اسلام آباد میں 2 فائیو اسٹار ہوٹلز میں جوائنٹ وینچر کی پیش کش کی گئی۔ تجویز کے مطابق ہوٹلز کے لئے زمین سی ڈی اے کی ہوگی اورسرمایہ کاری سعودی عرب کرے گایا پھر وہ ہوٹل بنالے ۔ وفد کو مٹیاری ٹرانسمیشن لائن اور فرسٹ ویمن بینک کی بھی آفر کی گئی۔سعودی وفد کو ہیلتھ سٹی بنانے کی بھی پیش کش کی گئی اس کے لئے سی ڈی اے پارٹنر بننے یا زمین دے کر پیسے لینے کے لئے بھی تیارہے ۔ذرائع کے مطابق سرمایہ کاری منصوبوں کے حوالے سے ایس آئی ایف سی مرکزی سیکریٹر یٹ تمام کام کررہا ہے ۔ سعودی وفد صدر زرداری اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کرے گا۔ وزیراعظم سعودی وفد کے ساتھ مختلف پراجیکٹس کوحتمی شکل دینے کے لئے تمام امور کی نگرانی کررہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کی ملاقات میں علاقائی سلامتی اور مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کیلئے مربوط کوششوں پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں