64

سعودی عرب سے 1.2 ارب ڈالر تیل کی سہولت (اداریہ)

پاکستان اور سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے درمیان 1.61 ارب ڈالر کے دو معاہدوں پر دستخط’ اسلام آباد میں تقریب میں وزیراعظم’ نائب وزیراعظم’ وزیر خزانہ’ دیگر اعلیٰ حکام اور سعودی وفد نے شرکت کی معاہدوں کے تحت 1.2 ارب ڈالر کی مؤخر ادائیگی پر تیل کی درآمد کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ مانسہرہ میں واٹر سپلائی اسکیم کے لیے 4کروڑ 10لاکھ ڈالر کا رعایتی قرض دیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی فنڈ ڈویلپمنٹ کے وفد نے سلطان بن عبدالرحمان المرشد چیف ایگیزکٹو آفیسر کی قیادت میں ملاقات کی وزیراعظم نے آئل امپورٹ فنانسنگ فسیلٹی پر دستخط کا خیرمقدم کیا اور سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوستی کا حوالہ دیتے ہوئے صحت’ توانائی’ انفراسٹرکچر اور تعلیم کے شعبوں میں پاکستان کو مالی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ 2022ء کے تباہی کن سیلاب کے بعد تعمیرنو کے لیے SFD کی کوششوں کی تعریف کی ایس ایف ڈی کے چیف ایگزیکٹو نے سعودی وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا سی ای او ایس ایف ڈی نے وزیراعظم کو جاری منصوبوں بشمول مہمند ہائیڈرو پاور پراجیکٹ’ گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ’ مالاکنڈ ریجنل ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور سعودی گرانٹس کے ذریعے فنڈ کئے گئے دیگر منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا وزیراعظم نے ایس ایف ڈی کی حمایت کو سراہتے ہوئے گرین انرجی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں ایس ایف ڈی کے ساتھ اشتراک کردہ نئے منصوبوں کی رفتار کو تیز کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا جن کے ذریعے پاکستان کی پائیدار ترقی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی ایس ایف ڈی کے چیف ایگزیکٹو نے مشترکہ منصوبوں پر جلد کارروائی کی یقین دہانی کرائی اور اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ سعودی عرب شاہی خاندان کی قیادت میں پاکستان کو ہر ممکن مدد اور مسلسل تعاون فراہم کرے گا وزیراعظم نے سی ای اور وفد کے ارکان کا شکریہ ادا کیا اور شاہی خاندان کے تمام ارکان بالخصوص خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اس موقع پر پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں 1.61 ارب ڈالر کے دو معاہدے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہیں ایک سال کے لیے پاکستان کو 1.2ارب ڈالر کا تیل مؤخر ادائیگی پر ملے گا یہ منصوبہ فوری طور پر مالیاتی بوجھ کو کم کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی مستحکم فراہمی کو یقینی بنا کر پاکستان کی اقتصادی لچک کو مضبوط کرے گا جبکہ SFD مانسہرہ KPمیں گریویٹی فلو واٹر سپلائی اسکیم کے لیے 41 ملین ڈالر کی رقم فراہم کی جائے یہ منصوبہ مانسہرہ کے ڈیڑھ لاکھ مقامی افراد کے لیے پینے کے صاف پانی تک رسائی میں اضافہ کرے گا اور 2040ء تک آبادی کی طلب کو پورا کرنے کیلئے کافی ہو گا،، پاکستان اور سعودی عرب فنڈ کے درمیان دو معاہدوں پر دستخط خوش آئند ہے سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا موجودہ حکومت کی کوششوں سے ملکی معیشت میں بہتری آ رہی ہے سعودی عرب کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ کر رہے ہیں جس پر پوری قوم سعودی حکومت کی شکر گزار ہے اور امید کر رہی ہے کہ برادر اسلامی ملک سعودی عرب پاکستان کی تعمیر وترقی میں ہمیشہ ساتھ دیتا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں