سعودی عرب میں 25ہزار غیر قانونی تارکین وطن گرفتار

ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں کارروائیاں کرتے ہوئے 25ہزار غیر قانونی تارکین گرفتار کر لئے گئے۔ سعودی پریس ایجنسی نے بتایا کہ غیر قانونی تارکین کے خلاف کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ گرفتاریاں 13مارچ سے 19مارچ 2025 کے درمیان ہوئی ہیں۔بیان میں بتایا گیا کہ گرفتار افراد میں سے 17ہزار 886اقامہ قوانین کی خلاف ورزی، 4ہزار 247گرفتار شدگان سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب اور 3ہزار 17تارکین لیبر قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث تھے۔مشترکہ کمیٹی نے مزید بتایا کہ اس عرصے کے دوران 1553ایسے افراد بھی گرفتار ہوئے ہیں جو سرحد عبور کرکے ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے جن میں سے 28فیصد یمنی، 69فیصد کا تعلق ایتھوپیا اور 3فیصد کا تعلق دیگر ممالک سے تھا۔بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کی سرحد عبور کرکے غیر قانونی طور پر ملک سے باہر جانے کی کوشش کرتے ہوئے 63افراد گرفتار ہوئے ہیں۔سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے کہا کہ غیر قانونی تارکین کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنا سنگین جرم ہے، جس پر 15 سال قید اور 10لاکھ ریال جرمانہ ہوسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں