سعودی عرب نے حج کے فلائٹ شیڈول کا اعلان کردیا

جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی سول ایوی ایشن نے حج 2025 کے فلائٹ شیڈول کا اعلان کردیا جس کا آغاز 29 اپریل 2025 (یکم ذی القعدہ 1446ہجری) منگل سے ہوگا، حجاج کی واپسی 13 ذی الحجہ سے شروع ہو گی۔مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حجاج کی روانگی جمعہ 11جولائی (15محرم 1447ہجری) تک جاری رہے گی جس کے بعد حج آپریشن اختتام پذیر ہوجائے گا۔سول ایوی ایشن کی جانب سے حج فلائٹ شیڈول کی رجسٹریشن کا عمل تین ربیع الثانی سے شروع کردیا گیا جو 30شوال تک جاری رہے گا، اس دوران حج فلائٹوں کی آمد اور ان کے پروگرام کی حتمی لسٹ جاری ہوگی۔ضوابط کے مطابق فضائی کمپنیاں اس امر کی پابند ہوں گی کہ مقررہ شیڈول پر سختی سے عمل کریں،ایسی کمپنیاں جو حج فلائٹوں کو منظم نہیں کریں گی ان کے خلاف مقررہ ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔خصوصی موبائل ایپ سے عازمین حج کے لئے تمام معلومات ان کے موبائل فونز پر دستیاب ہوں گی، عازمین اپنے حج گروپ کی معلومات، تربیتی شیڈول، فلائٹ کی معلومات، سعودی عرب میں اپنی رہائش، ادائیگی اور دوران حج مقامات کے لائیو نقشے و لوکیشنز سے خود کو آگاہ رکھ سکیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں