52

سلو پوائزن سے جان لینے کی کوشش کی جائیگی’ عمران خان

اسلام آباد(بیوروچیف)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جیل میں سلو پوائزن سے انکی جان لینے کی کوشش کی جائیگی کیونکہ وہ اپنا ملک چھوڑ کر جانے پر کبھی آمادہ نہیں ہونگے، اپنے وکلا اور پارٹی عہدیداروں سے کہتا ہوں کہ وہ ملک بھر میں کنونشن منعقد کریں اور جب بھی انتخابات ہوں تو مہم شروع کریں۔وکیل سلمان صفدر کا کہنا ہے کہ سائفر کیس توشہ خانہ پارٹ2، فیئر ٹرائل قطعی نہیں، پتا چل رہا ہے کہ جج کیا چاہتے ہیں،جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 24 اکتوبر کو جیل میں جو ہمیں کہا وہ سچ ثابت ہو رہا ہے، ملک میں کوئی عدالت نہیں جو عمران خان کو انصاف نہیں دے سکے، جو ہو رہا ہے لندن پلان کے تحت ہو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ لندن منصوبے کا ہی شاخسانہ نہیں بلکہ ایک لندن معاہدے کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ انکی جدوجہد فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔ قوم کو اپنے حقوق اور اپنے ملک کی آزادی کی لڑائی خود سے لڑنی پڑے گی۔ گزشتہ روز اپنی فیملی کے ذریعے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جیل سے قوم کے نام اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت جسمانی لحاظ سے میں ٹھیک ٹھاک ہوں ، اگر میرے جسم پر کسی قسم کا صعف یا کمزوری طاری ہوتی تو مجھے اس کا احساس ہو جاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلے ہی دو مرتبہ دن دیہاڑے میری جان لینے کی کوشش کرچکے ہیں۔ معافی کا پروانہ ہاتھ میں تھما کر عدالتوں سے سزا یافتہ ایک مجرم کی پھر سے سیاست میں واپسی کا اس کے سوا کوئی راستہ نہیں کہ ریاستی اداروں کو تباہی کے گھاٹ اتارا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں