فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) آج صبح سمندری روڈ پر پل عبداﷲ کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے گرنے والے موٹرسائیکل سواروں کو عقب سے آنیوالی بس نے کچل دیا، بہن بھائی جاں بحق’ دوسری بہن بری طرح زخمی ہو گئی، حادثے کے مرتکب کار اور بس ڈرائیور موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا، نعش گھر پہنچنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا، ہر آنکھ اشکبار ہو گئی، والدین غم سے نڈھال۔ بتایا جاتا ہے کہ رسول پورہ کے رہائشی فلک شیر کا 17سالہ زین اپنی دو بہنوں فرسٹ ائیر کی طالبہ 20سالہ لائبہ اور ساتویں جماعت کی طالبہ 15 سالہ طیبہ کے ہمراہ موٹرسائیکل پر کالج وسکول چھوڑنے جا رہا تھا جب وہ سمندری روڈ پر پل عبداﷲ بجلی گھر کے قریب پہنچا تو تیز رفتار کار کی سائیڈ لگنے سے سڑک پر گرے تو عقب سے آنیوالی صداقت ٹیکسٹائل کی بس نے کچل دیا، تو نویں جماعت کا طالب علم زین موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گیا، جبکہ لائبہ اور طیبہ کو تشویشناک حالت میں سول ہسپتال لایا گیا، جہاں پر فرسٹ ائیر کی طالبہ لائبہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، طیبہ کی حالت تشویشناک حالت بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کرتے ہوئے حادثات کے مرتکب کار اور بس ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔
29