لاہور، ملتان، پشاور(بیوروچیف) پنجاب حکومت نے سموگ تدارک کیلئے نومبرسے جنوری تک شادیوں پر پابندی کی تجویز لاہور ہائیکورٹ میں پیش کر دی ۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ حکومت نے لانگ ٹرم پلان بنا لیا ہے، اگلے سال لوگوں کوکہیں گے کہ شادیاں اکتوبرمیں کرلیں’ نومبر،دسمبر،جنوری میں نہ کریں، عدالت نے ریمارکس میں کہا کہحکومت چاہے تو ون ڈش کے ساتھ یہ پابندی بھی عائد کی جاسکتی ہے کہ شادیوں پر تین کے بجائے صرف ایک فنکشن ہوسکے۔دوسری جانب سموگ نے پنجاب بھر میں امراض میں اضافہ کردیا ہے، چوبیس گھنٹے کے دوران 68412مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ ڈائریکٹر ایمرجنسی گنگارام ہسپتال ڈاکٹر منیر احمد کے مطابق سموگ کے باعث سانس، آنکھوں اور نزلہ زکام کھانسی کے مریض بڑھ گئے رہے ہیں،صوبے بھر سے کھانسی نزلہ زکام کے 61918، ،دمے کے 4250، امراض قلب کے 1627، فالج کے 210 اور آنکھوں کے 407 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ پنجاب بھرمیں سموگ کے باعث 7روز میں 513457جبکہ ایک ماہ کے دوران 2039425کیسز رپورٹ ہوئے،طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور باہر نکلتے وقت ماسک ضرورپہنیں۔ملک میں جاری سموگ کی لہر نے شہریوں کی جان نہ چھوڑی، لاہور آج ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔آلودگی کے اعتبار سے لاہور کا دنیا میں دوسرا نمبر ہے، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 499 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ڈی ایچ اے کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 900 تک پہنچ گیا ہے۔اسی طرح لاہور کے علاقوں غازی روڈ انٹرچینج کا ایئر کوالٹی انڈیکس 647، جوہر ٹان کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 425 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ملتان شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 408 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم خشک اور سرد رہے گا۔علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے مغربی ہواں کا ایک سلسلہ ملک میں آج داخل ہو گا، 15 اور 16 نومبر کو پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل برسنے کے امکانات ہیں جبکہ بارش کے باعث لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں واضح کمی ریکارڈ کی جائے گی۔ادھر خیبرپختونخوا میں سموگ کم ہونے لگی، صوبائی دارالحکومت پشاور میں سموگ میں واضح کمی آئی ہے، پشاورمیں ایئر کوالٹی انڈیکس 187 پر آ گیا ہے۔دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پشاور تیسرے نمبر سے چھٹے نمبر پر پہنچ گیا، ہری پور میں 200 اور ایبٹ آباد میں 163 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ اور دھند کے باعث مختلف موٹرویز کو کئی مقامات سے بند کردیا گیا۔ترجمان سٹی ٹریفک اور موٹروے پولیس کے مطابق سموگ اور دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر موٹروے ایم 2 کو لاہور سے شیخوپورہ تک، موٹروے ایم 4 کو لاہور سے درخانہ تک اور ایم 11 سیالکوٹ موٹروے کو سمبڑیال تک بند کر دیا گیا ہے۔ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا گیا ہے، روڈ یوزرز سموگ اور دھند سیزن میں دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیا کریں، رات کو سفر کرنا پڑے تو گاڑی کے آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔
4