سوساں روڈ پر پھل فروشوں نے تجاوزات کی ”حد” کر دی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شہر کی معروف شاہراہ سوساں روڈ پر بھی ریڑھی بان’ پھل فروشوں نے ڈیرے جما لئے’ سڑک کے وسط میں ریڑھیاں کھڑی کرنے سے آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا’ ضلعی انتظامیہ اور پیرافورس سوساں روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کر کے راستہ کلیئر کروایا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر کی اہم شاہراہ مدینہ ٹائون’ سوساں روڈ پر ریڑھی بان پھل فروشوں کی بھرمار ہو چکی ہے۔ شام ڈھلتے ہی پھل فروش ریڑھیاں سڑک کے درمیان میں کھڑی کر دیتے ہیں۔ جسکی وجہ سے ٹریفک کا نظام اکثر درہم برہم ہو جاتا ہے اور لوگوں کو گزرنے کے دوران لڑائی جھگڑے بھی معمول بن جکے ہیں۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کے اکثر علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کر کے ریڑھی چھابڑی فروشوں کو اٹھایا تو انہوں نے سوساں روڈ کا رخ کر لیا ہے۔ جہاں پر پھل’ سبزی فروشوں کی بھرمار ہو چکی ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ اہل علاقہ نے کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ پیرافورس کے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے آٹھ بازاروں کی طرح سوساں روڈ پر بھی روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے اور روڈ بلاک کرنے والے ریڑھی بانوں کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں