سول ہسپتال میں خون کی ہولی کھیلنے والے 5نامزد ملزمان گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سول لائن پو لیس نے الائیڈ ٹو سول ہسپتال میں خون کی ہولی کھیلنے والے تہرے قتل کے پانچوں نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا، جو کہ ضلعی پولیس کیلئے چیلنج بنا ہوا تھا۔ فیصل آباد میں 52خاندانوں کی پرانی دشمنیوں کے انسداد کیلئے موثر حکمت عملی کیلئے کوشاں ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے پولیس لا ئن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن بشریٰ جمیل’ ایس پی لائلپور ٹائون عابد ظفر بھی موجود تھے۔ سی پی او نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں تین افراد کا قتل پولیس کے لیے چیلنج تھا۔ ایس پی لائلپور ٹائون کی سربراہی میں سول لائن پولیس نے ٹیکنیکل وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے پانچوں نامزد ملزمان طاہر اسلم’ انتظار عرف شاہد’ بلال’ گلفام اور علی احمد کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کر لیا ہے۔ 5ستمبر کو بابر’ صابر’ ندیم’ عمار حیدر مقدمہ نمبری 789/25 بجرم 365 تھانہ کوتوالی کے سلسلہ کچہری آئے جہاں پر ان کا مخالفین سے جھگڑا ہو گیا تو وہ میڈیکولیگل کے حصول کیلئے سول ہسپتال آئے وہاں پر موجود ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، دوطرفہ فائرنگ سے تین افراد بابر’ صابر اور ملازم حسین جاں بحق جبکہ جعفر علی زخمی ہو گیا تھا اور ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ جس پر تھانہ سول لائن میں 1694/25 بجرم دہشت گردی’ قتل’ اقدام قتل سمیت مختلف دفعات میں مقدمہ درج کیا گیا۔ ایس پی لائلپور ٹائون عابد ظفر کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ سول لائن سب انسپکٹر علی اکبر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیکل وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تہرے قتل کے پانچوں نامزد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان ومال کی حفاظت کیلئے کوشاں ہے۔ عدالتوں کی سکیورٹی کے حوالے سے 150 کی نفری تعینات کی گئی ہے۔ فیصل آباد میں 52خاندانوں کی پرانی دشمنیاں چلی آ رہی ہیں ان کی انسداد کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ جرائم پیشہ افراد کی بیخ کنی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے بھی جرائم کی روک تھام کیلئے کوشاں ہیں۔ لاری اڈا اور سول ہسپتال سے کم سن بچوں کو بازیاب کر کے ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ سی پی او نے کہا کہ اچھی کارکردگی’ قتل’ اغواء کاروں اور گرفتار کرنے والے ایس ایچ اوز عابد جٹ’ بابر جمیل’ رضوان شوکت سمیت 65افراد وپولیس ملازمین اور ڈولفن فورس کے اہلکاروں کو سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں