کراچی (بیوروچیف) امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد سٹاک مارکیٹس میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ کھلتے ہی ہنڈریڈ انڈیکس میں 12ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔ ایک ساتھ 14 حدیں بحال ہوگئیں۔ ہنڈریڈ انڈیکس ایک لاکھ 51 ہزار سے سیدھا ایک لاکھ 64 ہزار پر پہنچ گیا۔ غیر معمولی تیزی کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ ایک گھنٹے کیلئے روک دی گئی ہے۔عالمی بینچ مارک برینٹ کروڈ کی قیمت تقریباً 15.9 فیصد کمی کے بعد 92.30 ڈالر فی بیرل تک آ گئی جبکہ امریکی مارکیٹ میں ٹریڈ ہونے والا خام تیل بھی تقریباً 16.5فیصد کمی کے ساتھ 93.80 ڈالر فی بیرل پر گیا۔ماہرین کے مطابق قیمتیں اب بھی اس سطح سے زیادہ ہیں جہاں تنازع شروع ہونے سے قبل 28فروری کو تیل تقریباً 70 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا تھا۔یاد رہے کہ مشرقِ وسطی میں کشیدگی کے باعث تیل اور گیس کی سپلائی شدید متاثر ہوئی تھی، خاص طور پر ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر حملوں کی دھمکی کے بعد توانائی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔




