سٹی کلاتھ بورڈ کا19جولائی کی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) موجودہ بجٹ میںایف بی آرکو وسیع تر اختیارات دینے اور تاجروں پر ٹیکس بارے تجاویز کے خلاف سٹی کلاتھ بورڈ (رجسٹرڈ) فیصل آباد کا اجلاس مرکزی دفتر میں ہوا’ اجلاس کے مہمانان خصوصی سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کے چیئرمین محمد امین بٹ’ مرکزی کلاتھ بورڈ پاکستان کے صدر الحاج نصیریوسف وہرہ تھے’ اجلاس میں سٹی کلاتھ بورڈ (رجسٹرڈ) کے صدر محمد زبیرقادری’ جنرل سیکرٹری عباس حیدر شیخ کے علاوہ آٹھ بازاروں کی کپڑے کی مارکیٹوں کے منتخب عہدیداروں نے شرکت کی’ اجلاس میں متفقہ طور پر 19 جولائی کو ہونے والی ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کیا گیا اور آٹھ بازاروں ‘ گول بازاروں اور ان سے ملحقہ گلیوں کے تاجروں کو 19 جولائی کو کاروبار معمول کے مطابق کرنے کیلئے کہا گیا’ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ) کے چیئرمین محمد امین بٹ’ مرکزی کلاتھ بورڈ پاکستان کے صدر الحاج نصیریوسف وہرہ نے کہا کہ یہ ہڑتال صنعت کاروں اور سرمایہ داروں کی ہڑتال ہے’ ایف بی آر نے نمائندوں نے ہمیں مطمئن کیا ہے کہ چھوٹے تاجروں کے تحفظات دور کئے جائیں گے اور ان پر دو لاکھ کی ٹرانزیکشن پر کسی قسم کا کوئی ٹیکس عائد نہیں ہو گا’ انہوں نے آٹھ بازاروں کی داخلی اور خارجی راستوں کو گیٹ لگا کر بند کرنے کے منصوبے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہم کسی صورت آٹھ بازاروں کو گیٹ لگا کر بند نہیں کرنے دیں گے’ اگر ضلعی حکومت نے ایسا کرنے کی کوشش کی تاجر طبقہ سخت مزاحمت کرے گا اور ہم اپنی دکانوں کو تالے لگا کر چابیاں ڈپٹی کمشنر کے حوالے کر کے لمبی ہڑتال کریں گے’ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سٹی کلاتھ بورڈ (رجسٹرڈ) فیصل آباد کے صدر محمد زبیرقادری’ جنرل سیکرٹری عباس حیدر شیخ نے پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ فیصل آباد کے تاجر اور عوام پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہیں اور چیخیں مار رہے ہیں مگر ان کی دہائیاں کوئی سننے کو تیار نہیں’ اب تاجروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے’تاجر اب حکومت کے مظالم برداشت نہیں کر سکتے’ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ’ ایف بی آر کے آرٹیکل 37A اور 37B اور پروفیشنل ٹیکس واپس لیا جائے ورنہ تاجر سخت احتجاج کریں گے’ اس موقع پر باہمی یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ طور پر آئندہ کے لائحہ عمل کو اپنانے کیلئے باہمی مشاورت پر زور دیا گیا اور کہا گیا کہ ہم سب کے مسائل یکساں ہیں اس لئے مل کر حکومتی چیرہ دستیوں کا مقابلہ کیا جائے’ اس موقع پر نامزد صدر الحرم کلاتھ مارکیٹ گوردوارہ گلی کے امین بوبا کو مبارکباد دی گئی اور ان سے مکمل تعاون کا اعلان کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں