سپریم انجمن تاجران کے وفد کی ڈپٹی کمشنرندیم ناصر سے ملاقات،مسائل سے آگاہ کیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سپریم انجمن تاجران کے چیئرمین میاں عبدالمنان سابق ایم این اے اور صدر حاجی محمد اسلم بھلی کی قیادت میں تاجروں کے وفد نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر سے ان کے آفس میں ملاقات کی اور آٹھ بازاروں میںجاری آپریشن سے متعلق اپنے تحفظات سے آگاہ کیا’ وفد میں سپریم انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری رانا محمد ایوب اسلم منج’ سینئر وائس چیئرمین رانا محمد سکندراعظم خاں’ کوارڈی نیٹر حاجی محمد عابد’ ‘چنیوٹ بازار کے صدر ملک شاہد رسول’ افغان مارکیٹ کے صدر عبدالرحمن مانی’ گول کریانہ کے جنرل سیکرٹری شیخ محمد فاضل’کارخانہ بازار کے صدر میاں اختر محمود’ مکی کلاتھ مارکیٹ کے صدر سلطان بٹ’ ریلوے روڈ کے صدر آفتاب بٹ’ رانا اکرام اللہ خاں کے علاوہ دیگر عہدیدارشریک تھے’ میاں عبدالمنان ‘ حاجی اسلم بھلی’ رانا ایوب منج’ رانا محمد سکندراعظم خاں و دیگر تاجر رہنمائوں نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کو بتایا کہ جب سے آٹھ بازاروں کو وہیکل فری بنایا گیا ہے آٹھ بازار اور گول بازار نوگوایاز میں تبدیل ہو گئے ہیں’ خریداروں نے بازاروں کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے’ وفد کے ارکان نے ڈپٹی کمشنر سے استدعا کی کہ کم از کم موٹرسائیکل کو بازار میں داخل ہونے کی اجازت دیں تاکہ خریدار آسانی کے ساتھ اپنی مطلوبہ دکان سے آسانی کے ساتھ خریداری کر سکیں’ اس کے علاوہ لوڈنگ اور ان لوڈنگ کرنے والی وہیکل کو نہ روکاجائے اور انہیں ایک کم از کم ایک گھنٹہ کیلئے پاس جاری کیا جائے تاکہ وہ آٹھ بازاروں میں آسانی کے ساتھ لوڈنگ اور ان لوڈنگ کر سکیں’ وفد نے بتایا کہ آٹھ بازاروں کے باہر پارکنگ کے مسائل پیدا ہو چکے ہیں اس کا فوری حل ڈھونڈا جائے’ اس کے علاوہ آٹھ بازاروں کے رہائشیوں کیلئے خصوصی پاس جاری کئے جائیں جو دکھا کر وہ اپنی گاڑیاں اور موٹرسائیکل اپنی رہائش گاہ تک لا سکیں’ چونکہ ان کی رہائش کی جگہ تنگ ہونے کی وجہ سے یہ رہائشی اپنی گاڑیاں بازار یا گلیوں میں کھڑی کرتے اس لئے انہیں اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے کی اجازت دی جائے اور ان کی گاڑیوں کیلئے بھی خصوصی پاس جاری کئے جائیں’ ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے وفد کے تاجروں کی باتیں سنیں اور سی ٹی او فرحان اسلم کو ٹریفک سے متعلقہ مسائل کو فوری حل کرنے کا حکم دیا’ انہوں نے کہا کہ لوڈنگ اور ان لوڈنگ کیلئے گاڑیوں کو بازاروں میں داخل ہونے دیں اور اگر یہ گاڑیاں ایک گھنٹہ سے زائد ٹائم لگائیں تو ان کا چالان کر دیا جائے’ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عنقریب خریداروں کیلئے ہم شہر بھر سے خصوصی بسیں چلا رہے ہیں انہیں اپنی گاڑی پر شہر آنے کی ضرورت ہی پیش نہیںآئے گی’انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت کسی کا روزگار نہیں چھینے گی’ ریڑھی چھابڑی والوں کو ہم نے ماڈل ریڑھیاں بنا کر دی ہیں اگر کسی حقیقی ریڑھی چھابڑی والے کے ساتھ کوئی زیادتی ہوئی ہے یا اسے ریڑھی لگانے کیلئے جگہ نہیں ملی وہ میاں عبدالمنان سے رابطہ کرے اسے جگہ فراہم کی جائے گی’ انہوں نے تاجروں سے کہا کہ اطمینان رکھیں آج آپ کو تھوڑی پریشانی ہو رہی ہے انشاء اللہ جلد آپ اس آپریشن کو سراہیں گے اور موجودہ حکومت کو خراج تحسین پیش کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں