سپریم انجمن تاجران کے چیئرمین عبدالمنان کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر سے ملاقات

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عید کی آمد ہے’ آٹھ بازاروں میں وہیکل کے داخلے کی پابندی کی وجہ سے دکاندار کاروبار نہ ہونے کی وجہ سے سخت مشکلات کا شکار ہیں’ ہماری اپیل ہے کہ عید تک کم از کم موٹرسائیکل کے داخلے کی اجازت دی جائے تاکہ روزہ داروں کو خریداری میں آسانی پیدا ہو’ ان خیالات کا اظہار سپریم انجمن تاجران کے چیئرمین میاں عبدالمنان سابق ایم این اے اور صدر حاجی محمد اسلم بھلی کی قیادت میں تاجروں کے وفد نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر سے ان کے آفس میں ملاقات کے دوران کیا’ وفد میں سپریم انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری رانا ایوب منج’ نائب صدر شیخ آصف انوار’ منٹگمری بازار کے صدر حاجی محمد عابد’ شیخ فاضل’ مرزا شہباز’ طارق چوہان و دیگر تاجر رہنما شامل تھے’ تاجر رہنمائوں نے ڈپٹی کمشنر کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ وہیکل کے داخلے کی پابندی کی وجہ سے خریداروں نے آٹھ بازاروں کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے اگر یہی صورتحال رہی تو عید کیلئے خریدا گیا مال فروخت نہیں ہو سکے گا اور تاجروں کو زبردست نقصان ہو گا’ وفد کے ارکان نے ڈپٹی کمشنر سے استدعا کی کہ کم از کم موٹرسائیکل کو بازار میں داخل ہونے کی اجازت دیں تاکہ خریدار آسانی کے ساتھ اپنی مطلوبہ دکان سے آسانی کے ساتھ خریداری کر سکیں’ اس کے علاوہ لوڈنگ اور ان لوڈنگ کرنے والی وہیکل کو نہ روکاجائے اور انہیں ایک کم از کم ایک گھنٹہ کیلئے پاس جاری کیا جائے تاکہ وہ آٹھ بازاروں میں آسانی کے ساتھ لوڈنگ اور ان لوڈنگ کر سکیں’ وفد نے بتایا کہ آٹھ بازاروں کے باہر پارکنگ کے مسائل پیدا ہو چکے ہیں اس کا فوری حل ڈھونڈا جائے’ اس کے علاوہ آٹھ بازاروں کے رہائشیوں کیلئے خصوصی پاس جاری کئے جائیں جو دکھا کر وہ اپنی گاڑیاں اور موٹرسائیکل اپنی رہائش گاہ تک لا سکیں’ چونکہ ان کی رہائش کی جگہ تنگ ہونے کی وجہ سے یہ رہائشی اپنی گاڑیاں بازار یا گلیوں میں کھڑی کرتے اس لئے انہیں اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے کی اجازت دی جائے اور ان کی گاڑیوں کیلئے بھی خصوصی پاس جاری کئے جائیں’ ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے تاجروں کے وفد کے تحفظات سنے اور ان پر مناسب حکمت عملی اپنانے کا عندیہ دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں