سپورٹس کمپلیکس کی توسیع کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے کے زیر اہتمام سپورٹس کمپلیکس میں توسیع و ترقی کے لئے مزید اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ ضروری سہولیات سے آراستہ کیفے ٹیریا عنقریب فنکشنل ہو جائے گا۔یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے سپورٹس کمپلیکس ایف ڈی اے سٹی کے انتظام و انصرام کا معائنہ کرتے ہوئے بتائی۔چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ طلحہ تبسم، منیجر سپورٹس کمپلیکس رضوانہ کمال و سٹاف کے دیگر اس موقع پر موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے سپورٹس کمپلیکس کے ان ڈور گیمز کے کورٹس و دیگر حصے دیکھے اور اعلی نظم و نسق کو برقرار رکھنے کے حوالے سے مختلف ہدایات جاری کیں۔انہوں نے صفائی ستھرائی کے عمدہ معیار کو یقینی بنانے اور سکیورٹی امور کو چوکس رکھنے کی تاکید کی اور کہا کہ تمام املاک کی مکمل حفاظت اور بہتر دیکھ بھال میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے کیفے ٹیریا کا بھی معائنہ کیا اور خوردونوش کی اشیا کی تیاری کے لئے خریدی گئی کچن مشینری و دیگر سازوں کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی پائیدار و بہتر ترتیب میں تنصیب کی ہدایت کی۔ انہوں نے حکم دیا کہ کیفے ٹیریا کے تمام نظام کو مکمل طور پر حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق چلایا جائے اور ممبرز کو اعلی معیار کی سروسز میسر آنی چاہیے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ کیفے ٹیریا کے قیام اور انتظامی امور کے حوالے سے چناب کلب کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں