سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کیلئے منصوبہ تیار

اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت نے اسپیشل اکنامک زونز (SEZs) میں آپریشنز کو منظم کرنے اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے 18نکاتی عملی منصوبہ پیش کیا ہے، جو گزشتہ روز بورڈ آف انویسٹمنٹ (BoI)کی منظوری کمیٹی کے اجلاس کے دوران سامنے آیا۔یہ عملی منصوبہ اسپیشل اکنامک زونز (SEZsمیں حل طلب مسائل کو دور کرنے اور سہولیات کو بین الاقوامی معیارات کے مطابق بہتر بنانے کے لیے بنایا گیا ہے۔ بورڈ آف انویسٹمنٹ (BoI)کی منظوری کمیٹی کے اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری اور نجکاری عبدالعلیم خان نے کی۔ اجلاس میں گلگت بلتستان سمیت صوبائی نمائندے بھی موجود تھے۔ منظوری کمیٹی نے نئی لینڈ لیز پالیسی کی منظوری دی اور SEZ ایکٹ میں ترمیم کرتے ہوئے اجلاس کے نوٹس کی مدت 21دن سے کم کرکے 7دن کر دی۔ ان تبدیلیوں کا مقصد فیصلہ سازی کے عمل کو تیز کرنا اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ ملک بھر کے 35اسپیشل اکنامک زونز کا جامع سروے مکمل کر لیا گیا ہے، جو انتظام و ترقی کے لیے ڈیٹا پر مبنی فیصلے کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سروے رپورٹ جو اب ڈیجیٹل شکل میں موجود ہے، تمام متعلقہ محکموں اور صوبائی حکومتوں کے لیے ایک مشترکہ وسیلہ ہے، جسے موثر طریقے سے مسائل کے حل کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سیکرٹری اور مختلف صوبوں کے سینئر حکام نے زونز کی موجودہ صورتحال پر اپ ڈیٹس فراہم کیں اور قیمتی تجاویز پیش کیں۔منصوبے کے اہم پہلوئوں میں بین الصوبائی تعاون کو فروغ دینا، بیوروکریسی کے عمل کو آسان بنانا، اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی شامل ہے تاکہ SEZsکی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں