سپیشل طالب علم نے ورلڈ ونٹر گیمز میں 3میڈلز لے لئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد کے سپیشل طالب علم عبدالصبور احمد نے اٹلی میں منعقد ہونے والے سپیشل اولمپکس 2025 ورلڈ ونٹر گیمز میں تین میڈلز حاصل کئے ہیں۔ 16 سالہ اس سپیشل طالب علم نے 400میٹر سنو شوئنگ میں گولڈ میڈل، 100میٹر سنو شوئنگ میں کانسی اور 400میٹر ریلے سنو شوئنگ میں سلور میڈل حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کیا ہے جو سپیشل ایجوکیشن کے رضاکار ادارے تنظیم اللسان کے زیر اہتمام المعصوم مرکز میں زیر تربیت ہے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے شاندار کامیابی حاصل کرنے پر سپیشل طالب علم عبدالصور احمد کا خیر مقدم کیا اور عالمی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انہیں،اس کے والدین اور تنظیم اللسان کی انتظامیہ کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ عبدالصبور احمدخصوصی بچوں کے لیے رول ماڈل ہے اولمپکس میں شاندار کارکردگی سے قوم کا سر فخر سے بلندہوا۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر آمنہ عالم،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ساجدہ لطیف،صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد،نائب صدر چوہدری سرفراز احمد،جنرل سیکرٹری سبحان علی ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے سپیشل ایجوکیشن کے میدان میں خصوصی بچوں کی عمدہ تعلیم وتربیت اور کھیلوں میں ہونہار کھلاڑی پیدا کرنے پر تنظیم اللسان کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہا اور کہا کہ خصوصی بچوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں تعلیم و تربیت اور سماجی سرگرمیوں میں ہمشہ ساتھ رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کی حکومتی سطح پر خصوصی بچوں کی فلاح وبہبود اور بحالی پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے اس سلسلے میں رضا کار اداروں کی فلاحی خدمات قابل ستائش ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تنظیم اللسان کی بھرپور سرپرستی کرنے کا یقین دلایا۔صدر تنظیم اللسان ڈاکٹر افتخار احمد نے سپیشل بچوں کی کھیلوں میں تربیت اور تدریسی سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں