سپیشل مانیٹرنگ ٹیموں کا مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی ہدایت پر سپیشل مانیٹرنگ ٹیموں نے فیصل آباد کے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن عبدالکریم بھی ہمراہ تھے۔ ٹیم نے سکولوں میں جاری انرولمنٹ ڈرائیو، میٹرک بورڈ کے نتائج اور سکولوں کے انفراسٹرکچر کا تفصیلی جائزہ لیا۔گورنمنٹ جوہر گرلز ہائی سکول گلبرگ کی پرنسپل شگفتہ انجم اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کنک بستی غلام محمد آباد کی سربراہ میڈم رفعت بانو سمیت دیگر سکولوں کے اساتذہ کو بہترین انتظامی امور سرانجام دینے اور میٹرک کے شاندار نتائج دینے پر تعریفی اسناد جاری کی گئیں۔ اسی طرح گورنمنٹ ایم سی ہائی سکول جھال خانوآنہ کی کارکردگی کو بھی تسلی بخش قرار دیا گیا۔مانیٹرنگ ٹیم نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت برتنے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس حوالے سے غفلت کے مرتکب اساتذہ کو جواب طلبی کے مراسلے جاری کیے گئے۔اساتذہ نے اس موقع پر سپیشل مانیٹرنگ ٹیم کو یقین دلایا کہ وہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق مزید بہتر تعلیمی نتائج حاصل کرنے کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں