سپین کاپاکستانیوں کیلئے آسان رہائشی کارڈ کا اعلان

اسلام آباد (بیوروچیف) یورپ میں رہنے کا خواب دیکھنے والے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی، اسپین نے ایک نیا اور آسان آپشن متعارف کرایا ہے جو اہل سمندر پار پاکستانیوں کو ایک سال کے رہائشی کارڈ کے لیے درخواست دینے کی اجازت دیتا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے اسپینش ریذیڈنٹ کارڈ سے متعلق اعلی سطح کا خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قانونی تحفظ اور سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔وزارت خارجہ پاکستان نے اسپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے عمل کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی، جبکہ اسپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد نے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں یہ واضح کیا گیا کہ یہ پالیسی سیاسی پناہ حاصل کرنے والوں کے لیے نہیں ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ درخواست گزاروں کو کریکٹر سرٹیفکیٹ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنا لازمی ہوگا، اور اہل افراد کو ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے ریذیڈنٹ کارڈ جاری کیا جائے گا جبکہ سات سے آٹھ سال مکمل کرنے پر مستقل رہائش اور شہریت کے حصول کا راستہ ہموار ہوگا۔فیصلے میں کہا گیا کہ الگ الگ کریکٹر سرٹیفکیٹ قابلِ قبول نہیں ہوں گے، نیشنل پولیس بیورو ایک ہی قومی کریکٹر سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔ تصدیقی عمل کو تیز اور آسان بنایا جائے گا تاکہ درخواست گزاروں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔محسن نقوی نے کہا کہ ہر سطح پر درخواست گزاروں کو مکمل سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ سالک حسین نے کہا کہ ہزاروں پاکستانیوں کو قانونی حیثیت ملنا خوش آئند ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں