سڑکوں کی بحالی کیلئے تکنیکی امورجلد نمٹا کر کام شروع کرائیں،کمشنر راجہ جہانگیر انور

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق سٹرکیں بحال،عوام خوشحال پروگرام کے تحت شہر کی 14مرکزی شاہرات کی ایک ارب روپے کے فنڈز سے کولڈ ملنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے معیاری مرمت وبحالی کی جائے گی۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر نے سٹرکوں کی عوامی اہمیت اور ان کی مرمت وبحالی کے حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سٹرکوں کی بحالی پروگرام میں جھنگ روڈ،سوساں روڈ، شیخوپورہ روڈ،بلیوارڈ روڈ،کینال روڈ،مال روڈ،بلال روڈ،جیل روڈ،اکبرآباد روڈ،ڈائیو روڈ،ملت روڈ،سرگودھا روڈ،اتحاد روڈ شامل ہیں۔کمشنر نے کہا کہ سٹرکوں کی بحالی کے لئے تکنیکی امور جلد نمٹاکر کام شروع کرائیں۔ اجلاس کے دوران کمشنر نے واسا سے سیورلائینز سکیموں پر عملدرآمد بارے بریفنگ لی اور کہا کہ واسا کی سکیمیں تعطل کا شکار نہیں ہونی چاہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں ایم ڈی واسا کی جاری سکیموں کے حوالے سے آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اندرونی گلیوں سے سیوریج کے مسائل کا سدباب کرنا ہے اس ضمن میں شہر کو زونز میں تقسیم کرکے سیوریج ایشوز کو حل کریں۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے واسا اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں